اٹک، مسلم لیگ(ن) کے مقامی رہنما نے جعلی وکیل بن کر درجنوں متاثرہ شہریوں کو ان کی جائیدادوں سے محروم کردیا

عدالتی حکم کے باوجود بھی پولیس کارروائی سے گریزاں متاثرین کی چیف جسٹس سے ازخود نوٹس لینے کی اپیل

منگل 17 اپریل 2018 21:12

اسلام آباد/اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مقامی رہنما نے جعلی وکیل بن کر درجنوں متاثرہ شہریوں کو ان کی جائیدادوں سے محروم کردیا،عدالت کے حکم کے باوجود بھی پولیس کارروائی سے گریزاں ہے،متاثرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ کروڑوں روپے کی جائیداد پر قبضہ مافیا کی جانب سے پلازے بنانے اور دکانیں بنا کر فروخت کرنے کے حوالے سے از خود نوٹس لے کر انصاف فراہم کیا جائے۔

معلومات کے مطابق اکرم ربانی،خالد رشید اور ان کی ہمشیرہ مسرت امجد وغیرہ نے اٹک شہر میں اپنی قیمتی اراضی کے استقرار حق اور تقسیم کا دعویٰ کیا،جس کو شکیل احمد نے سفارش پر ملک طاہر جاوید اعوان کو وکیل مقرر کیا گیا،جنہوں نے اسٹام فروش سے لیکر تحصیلدار اور ضلعی انتظامیہ کے ہر افسر سے ملکر درجنوں جائیدادیں اپنے نام کر رکھی تھیں،تو اس جائیداد پر بھی انہوں نے وہی کارروائی کرتے ہوئے جعلی انتقال کروانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

ملک طاہر جاوید اعوان کے حوالے سے ڈسٹرکٹ بار اٹک کو متعدد درخواستیں دی گئیں تو معلوم ہوا کہ وہ وکیل ہے ہی نہیں۔دوسری جانب ایک وکلاء کا گروپ انہیں خفیہ مدد فراہم کرنے کیلئے بھی سرگرم رہتا ہے،اس حوالے سے مقامی عدالت نے ایک فیصلہ بھی دے رکھا ہے کہ پولیس فی الفور قبضہ مافیا گروہ کے خلاف کارروائی کرے،تاہم مسلم لیگ(ن) کے اثرورسوخ کے باعث پولیس اسے ہاتھ ڈالنے سے گریزاں ہے۔مسرت امجد اور اکرام ربانی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ جعلی وکیل بن کر کروڑوں روپے کی جائیداد ہتھیانے والے قبضہ مافیا گروہ کے خلاف کارروائی کرکے درجنوں شہریوں کو انصاف فراہم کیا جائی۔