واپڈا ہسپتال ملتان میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،ڈاکٹر خلیل الرحمن

بدھ 18 اپریل 2018 00:00

ملتان ۔ 17اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) واپڈا ہسپتال ملتان کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر خلیل الرحمن نے کہا ہے کہ واپڈا ہسپتال ملتان میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ ادویات کی اقسام اور ان کے معیار کو بڑھایاگیاہے اب وہ ادویات بھی دستیاب ہیں جو پہلے ریٹ کنٹریکٹ میں شامل نہیں تھیں ۔ ہسپتال میں آنکھوں اور دانتوں کے شعبہ جات کے لئے نئی جدید مشینیں بہت جلد نصب ہوجائیں گی ۔

ریڈیالوجسٹ اور ناک، کان ،گلہ کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی کے لئے کوشش جاری ہے جلد ہی ان شعبوں کے مریضوں کا علاج شروع ہوجائیگا۔ وہ واپڈا ہسپتا ل میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری کی کاوش سے واپڈا ہسپتال ملتان کی تزئین و آرائش کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

آپریشن تھیٹرز اور ڈینٹل سیکشن کو بہتر بنایاگیاہے۔

انتظار گاہوں کی حالت بہتربنائی گئی ہے اور ہسپتال کی لیبارٹری میں ایکسرے، خون کے نمونوں سمیت دیگر تمام ٹیسٹ کئے جارہے ہیں اور بناء کسی چارجز کے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کو لیبارٹری کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کے لئے کائونٹرز کی تعدادبڑھادی گئی ہے تاکہ انتظار نہ کرناپڑے ۔ حکومت کی جانب سے منظور شدہ بچوں کے حفاظتی ٹیکوں اور بہبود آبادی کے کورسز بھی مہیاکئے گئے ہیں تاکہ کثیرالمقاصد ہسپتال کا مقصد پوراہوسکے ۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ معیار کی مختلف انواع اور پیچیدہ امراض کی دوائوں کی ہسپتال میں موجودگی یقینی بنائی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کے علاج کے لئے شوکت خانم میموریل اور دل کے مریضوں کے علاج کے لئے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ملتان سے معاہدہ کیاگیاہے ۔ مہلک امراض کے مریضوں کو فوری طورپر شوکت خانم اور کارڈیالوجی ٹرانسفر کیاجارہاہے اور نشتر ہسپتال مینارکی سروسز بھی فراہم کی جارہی ہیں ۔

لیبارٹری اورایمرجنسی سروسز24گھنٹے فراہم کی جارہی ہیں جہاں ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف تین شفٹوں میں خدمات سرانجام دے رہاہے ۔ واپڈا ہسپتال میں 50بیڈز کی گنجائش ہے جبکہ ملازمین کے بچوں کے علاج کے لئے چائلڈ سپیشلسٹ، جنرل سرجن، آنکھوں ، دل کے امراض اور گائنی کے قابل ڈاکٹرز موجود ہیں جو روزانہ سینکڑوں مریضوں کی خدمت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز میں تمام اعلیٰ معیار کی دوائیں اور جان بچانے والی ادویات دستیاب ہیں اور 2ایمبولنسز بھی موجود ہیں ۔اس موقع پر ڈپٹی میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد افضل، سینئر میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر علی عباس، آئی سپیشلسٹ ڈاکٹر جہانزیب لون، چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر محمد سجاداور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر انعام اللہ خان بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :