آغا سراج درانی کی سیاسی سماجی خدمات ناقابل فراموش ہیں، شرجیل انعا م میمن

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:48

آغا سراج درانی کی سیاسی سماجی خدمات ناقابل فراموش ہیں، شرجیل انعا م ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج درانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کے لئے آغا سراج درانی کی سیاسی سماجی خدمات ناقابل فراموش ہیں، آغا سراج درانی ایک باوقار، وفادار اور تجربہ کار سیاسی رہنما تھے جنہوں نے ہمیشہ صوبے کے عوام کی خدمت کو اپنا مقصد بنایا۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم آغا سراج درانی نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک مخلص کارکن تھے بلکہ وہ جمہوری روایات کے علمبردار بھی تھے، ان کی پوری زندگی عوامی خدمت، جمہوریت کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد میں گزری۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ آغا سراج درانی کی سیاسی بصیرت، انتظامی صلاحیت اور پارلیمانی تجربہ پارٹی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ تھا، ان کی وفات سے نہ صرف پیپلز پارٹی بلکہ سندھ کی سیاست میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے جو مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم آغا سراج درانی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں ، اللہ تعالی مرحوم آغا سراج درانی کو بلند درجات اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔