آغا سراج درانی انتقال کرگئے، وزیراعلی سندھ ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:48

آغا سراج درانی انتقال کرگئے، وزیراعلی سندھ ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی کے انتقال کی اطلاع ملنے پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ آغا سراج درانی کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے مرحوم کے صاحبزادے اور بھائی سے ان کے ناقابلِ تلافی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی کے ہمراہ سابق وزیراعلی سید قائم علی شاہ، صوبائی وزرا ضیا الحسن لنجار، سعید غنی، اسماعیل راہو، رکن صوبائی اسمبلی امتیاز شیخ، سید قاسم نوید، قاسم سومرو، رکن قومی اسمبلی خواجہ اظہار اور ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔

وزیراعلی نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے دوران ان کے غم میں شریک ہوتے ہوئے آغا سراج درانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی ایک بہترین پارلیمنٹیرین، مخلص دوست اور شفیق انسان تھے۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کے انتقال سے سیاست ایک قدآور شخصیت سے محروم ہو گئی ہے اور یہ خلا پر کرنا انتہائی مشکل ہوگا۔بعد ازاں وزیراعلی نے آغا سراج درانی کے جسدِ خاکی کی روانگی کے انتظامات کی نگرانی کی جسے ضلع شکارپور کے علاقے گڑھی یاسین روانہ کیا گیا جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔