بیجنگ میں پاکستان میڈیا فورم کا انعقاد

بدھ 18 اپریل 2018 11:03

بیجنگ میں پاکستان میڈیا فورم کا انعقاد
بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) چین کے معروف اخبار گوانگ منگ ڈیلی کے زیر اہتمام چین پاکستان میڈیا فورم کا بیجنگ میں انعقاد کیا گیا۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق گزشتہ روز منعقد ہونے والے فورم میں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی سے وابستہ اہم میڈیا شخصیات ، بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام سمیت معروف تھنک ٹینک سنٹر فار گلوبل اینڈ سٹریٹجک سٹڈیزسے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔

چین کے اعلیٰ سرکاری حکام سمیت اہم میڈیا اداروں سے وابستہ شخصیات بھی فورم میں شریک ہوئیں۔ فورم کے دوران چین اور پاکستان کے درمیان میڈیا کے شعبے میں باہمی تعاون اور دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو بالخصوص سی پیک کے ڈھانچے کے تحت میڈیا روابط کو فروغ دینے کے لیے ایک معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے۔

(جاری ہے)

فورم کے دوران شرکاء نے کہا کہ سی پیک کی کامیاب تکمیل میں میڈیا کا ایک کلیدی کردار ہے ، میڈیا سی پیک کے حوالے سے درست حقائق کو اجاگر کرنے سمیت منفی پروپیگنڈے کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

شرکاء نے دونوں ممالک کے میڈیا اداروں کے درمیان افرادی تبادلوں ، پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر زور دیا۔شرکاء نے مزید کہا کہ دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور سی پیک سے جڑے اہم موضوعات کو چینی اور پاکستانی میڈیا میں نمایاں اہمیت دی جانی چاہیے۔ اس موقع پر شرکاء کی جانب سے چینی اور پاکستانی میڈیا کے درمیان روابط و تعاون کے فروغ کے حوالے سے مثبت تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :