صوبائی حکومت کے معیاری تعلیم کی فراہمی کا پول گرلز پرائمری سکول مکڑیلہ بوئی کی حالت زار نے کھول کر رکھ دیا

بدھ 18 اپریل 2018 14:40

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) صوبائی حکومت کے تعلیمی انقلاب اور معیاری تعلیم کی فراہمی کا پول دور دراز کے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول مکڑیلہ یونین کونسل بوئی کی حالت زار نے کھول دیا ہے۔ سکول 2005ء کے زلزلہ میں تباہ ہوا اور ابھی تک تعمیر نہیں ہو سکا۔ مقامی افراد کے مطابق ٹھیکیدار بنیادوں اور ستونوں کا کام کرنے کے بعد غائب ہو گیا، سکول میں پانی، ٹائلٹ اور چار دیواری تک میسر نہیں ہے اور گذشتہ 13 برسوں سے سکول ایک بوسیدہ ٹینٹ میں چل رہا ہے۔

(جاری ہے)

موسمی اثرات اور تیز بارش کی صورت میں بچوں کو مجبوراً چھٹی دینی پڑتی ہے کیونکہ بارش سے بچنے کا کوئی انتظام نہیں ہے، اسی طرح شدید دھوپ اور سردی بچوں کی تعلیم اور صحت دونوں کو متاثر کرتی ہے، بنیادی سہولیات کا فقدان بچوں کے معیارِ تعلیم کو بھی متاثر کر رہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق پوری یونین کونسل میں ایک بھی لڑکیوں کا ہائی یا ہائیر سیکنڈری سکول میسر نہیں ہے جس کی وجہ سے بچیاں پرائمری یا مڈل کے بعد تعلیم جاری نہیں رکھ پاتیں۔ اہلیان علاقہ نے مطالبہ ہے کہ ہم اس دفعہ ووٹ اس پارٹی کو دیں گے جو ہمارے سکول کی تعمیر کا مسئلہ حل کر کے ہمارے بچوں کو تمام سہولیات میسر کرے گی۔

متعلقہ عنوان :