مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ سے الیکشن میں حصہ لیں گے،

نواز شریف کا 22 اپریل کا جلسہ سنگ میل ثابت ہو گا، سردار شاہجہان یوسف

بدھ 18 اپریل 2018 14:45

مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ سے الیکشن میں حصہ لیں گے،
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) سابق وزیر مملکت اور حلقہ این ای13- سے متوقع امیدوار سردار شاہجہان یوسف نے کہا ہے کہ ہمارا پورا گروپ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ سے آئندہ الیکشن میں حصہ لے گا، تحریک انصاف نے اگر ٹکٹ کی پیشکش کی بھی تو مسترد کر دیں گے، 22 اپریل کو محمد نواز شریف کے مانسہرہ جلسہ میں 25 مارچ 2013ء کے نواز شریف جلسہ کی تاریخ دھرائیں گے۔

وہ بدھ کو مانسہرہ کے سینئر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام، سماجی شخصیت جمیل احمد اعوان و دیگر موجود تھے۔ سردار شاہجہان یوسف نے کہا کہ ضلع مانسہرہ میں ہم نے سوئی گیس کا مسئلہ حل کیا، اگلے مرحلہ میں بالاکوٹ، پکھل اور دیگر علاقوں کو سوئی گیس فراہم کر رہے ہیں، 16 انچ کی گیس پائپ لائن کی تنصیب سے پریشر کا مسئلہ حل ہو گیا ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہزارہ کو سی پیک کا عظیم منصوبہ دیا ہے جو معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

سردار شاہجہان یوسف نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں صوبہ ہزارہ کا دفاع کیا، صوبائی اسمبلی سے منظور ہونے والی صوبہ ہزارہ کی قرار داد کی قانونی حیثیت موجود ہے، اس قرارداد کو کسی بھی وقت قومی اسمبلی میں پیش کیا جا سکتا ہے تاہم جب تک تمام جماعتیں متفق نہیں ہوتیں کوئی نیا صوبہ نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا 22 اپریل کا جلسہ ووٹ کو عزت دو، کے نام سے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا۔