دار الامان میں خواتین کوعصری ،مذہبی اور ووکیشنل تعلیم سمیت ہر قسم کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں،ترجمان دار الامان

بدھ 18 اپریل 2018 15:15

فیصل آباد۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) دارالامان غلام محمد آباد فیصل آباد میں خواتین کو باقاعدہ عصری ،مذہبی اور ووکیشنل تعلیم دی جاتی ہے جبکہ اس کے علاوہ خواتین کو دار الامان میں ہر قسم کی سہولیات مہیا کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ادارہ کی ترجمان نے بتایا کہ خواتین کیلئے یہاں باقاعدہ مذہبی کلاسز کا اہتمام کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ عصری تعلیم اور سلائی کڑھائی کی باقاعدہ کلاسز بھی شیڈول کے مطابق ہوتی ہیں۔

انہوںنے بتایا کہ 9 بجے ناشتہ سے فارغ ہو کر شیڈول کے مطابق کلاسز کا آغاز ہو جاتا ہے جو2 بجے تک جاری رہتی ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ سلائی کڑھائی کی تربیتی کلاسز اورعصری تعلیم کی کلاسز مقرر کردہ دنوں میں شیڈول کے مطابق ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ یہاں خواتین کو ہر قسم کی سہولیات مہیا کی جاتی ہیں جس میں کھانے پینے کے علاوہ میڈیکل ،لیگل ایڈوائس، نفسیاتی مسائل کے حل کیلئے ڈاکٹرز کا مہیا کرنا شامل ہے۔

انہوںنے بتایاکہ عدالتوں کے علاوہ پروٹیکشن بیورو ،15،نگہبان سنٹر ، پولیس ، میڈیا سمیت سول سوسائٹی کا کوئی بھی ذمہ دار شخص کسی بھی خاتون کو دار الامان بھجوا سکتا ہے۔انہوںنے مزید بتایا کہ یہاں مقیم خواتین کو تفریح کیلئے ٹی وی کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے اور خواتین کیلئے جم کی کلاسز بھی شیڈول کے مطابق ہوتی ہیں۔ خواتین سے ملاقات کے طریقہ کار کے بارے میں انہوںنے بتایا کہ خواتین جس سے چاہیں ملاقات کر سکتی ہیں نیز ملاقات کرنے والوں میں ان کے خونی رشتہ دار ،ان کے دوست ، وکلاء حضرات ، سول سوسائٹی کے افراد سبھی شامل ہیں بشرطیکہ عورت ان سے ملاقات کرنا چاہتی ہو۔

انہوںنے مزید بتایا کہ دارالامان میں خواتین اور بچوں کی تعداد روزانہ کی بنیاد پر کم یا زیادہ ہوتی رہتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :