پاکستان میں غربت سے نمٹنے کے لئے ہمیں تعلیم اور روزگار کو عام کرنا ہوگا، ڈاکٹر نفیسہ شاہ

ہمیں تعلیم، روزگار، اور اقتصادی ترقی کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی خود سے عہد کرنا ہوگا، رہنما پیپلز پارٹی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:12

پاکستان میں غربت سے نمٹنے کے لئے ہمیں تعلیم اور روزگار کو عام کرنا ہوگا، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) رکن قومی اسمبلی اور رہنما پاکستان پیپلز پارٹی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاہے کہ پاکستان میں غربت سے نمٹنے کے لئے ہمیں تعلیم اور روزگار کو عام کرنا ہوگا۔غربت کے خاتمے کے عالمی دن پراپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ غربت کے خاتمے کے اس عالمی دن پر غربت کے خلاف جنگ میں اداروں کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، ہمارے معاشرے میں کئی لوگ صرف بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دن رات جدو جہد کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ صحت اور خوراک بنیادی ضروریات ہیں اور کئی لوگ ان سے دور ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا یقیں ہے کہ ہر شخص روٹی، کپڑا اور مکان کا حقدار ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ معاشرے کے کمزور طبقے کے حق میں آواز بلند کی ہے، پاکستان میں غربت سے نمٹنے کے لئے ہمیں تعلیم اور روزگار کو عام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

نفیسہ شاہ نے کہاکہ تعلیم ہر فرد کے لئے اہم ہے، ایک لڑکی تعلیم کے ذریعے نسلیں سنوار سکتی ہے، چھوٹی سی عمر میں تعلیم کی بجائے روزگار پر لگا دینے سے غربت جیسے مسئلے بڑھتے ہیں۔

نفیسہ شاہ نے کہاکہ حالیہ برسوں میں صوبہ سندھ نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور سندھ پیپلز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن جیسے اقدامات سے معاشرے کے کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کیا ہے، ان پروگراموں نے نہ صرف مالی امداد فراہم کی ہے بلکہ سماجی تحفظ کو فروغ دینے میں بھی مدد کی ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے لاکھوں خواتین کو اپنی مالی زندگیوں پر قابو پانے کے قابل بنایا ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ ہاؤسنگ اسکیموں نے بہت سے خاندانوں کو اپنے گھر کے مالکانہ حقوق دئے ہیں، ہمیں تعلیم، روزگار، اور اقتصادی ترقی کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی خود سے عہد کرنا ہوگا، ہمیں پاکستان کا ایسا مستقبل تشکیل دینا ہے جہاں غربت کا مکمل خاتمہ ہو۔