42سال پرانا گرلز ہائی سکول میرپورہ سائنس کلاسز کے بغیر چلنے لگا

ْ ادارہ میں سائنس کی دو سینئر آسامیاں موجود ہیں ان پر سائنس معلمات تعینات نہیں ہوسکی ہیں

بدھ 18 اپریل 2018 18:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اپریل2018ء) ضلع نیلم میں 42سالہ پرانا گرلز ہائی سکول میرپورہ سائنسز کی کلاسز کے بغیر چلنے لگا۔طالبات کا مستقبل تاریک ہونے لگا۔ ادارہ میں سائنس کی دو سینئر آسامیاں موجود ہیں ان پر سائنس معلمات تعینات نہیں ہوسکی ہیں۔ تین یونین کونسلوں کا واحد گرلز ہائی سکول سائنس معلمات کے بغیر چل رہا ہے۔

معززین علاقہ کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر ‘ وزیرتعلیم اور چیف سیکرٹری سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق گرلز ہائی سکول میرپورہ ضلع نیلم جو کہ 42سال پہلے قائم ہو اتھا اس میں گزشتہ کئی سال سے سائنس کی معلمات کی دو آسامیاں تخلیق کی گئیں لیکن ان پر جنرل لائن سے تعیناتیاں ہو تی رہیں۔اب سائنس کی آسامیاں خالی ہیںیا ان پر کو ئی اور تعینات ہے لیکن سکول میں سینئر سائنس معلمہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ کئی سال سے اہل علاقہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کو صورت حال سے آگاہ کرتے رہے محکمہ کی جانب سے عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ تقریباً 50ہزار کی آبادی کیلئے تین یونین کونسلوں میں ایک ہی گرلز ہائی سکول ہے۔ بچیاں سائنس کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے مظفرآباد میں داخلہ لینے پر مجبور ہورہی ہیں۔ جس سے لاکھوں روپے کے اخراجات آرہے ہیں۔ معززین علاقہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر ‘ وزیرتعلیم اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ ادارے میں سائنس معلمات تعینات کی جائیں ۔طالبات کا مستقبل تاریک ہونے سے بچایا جائے۔

متعلقہ عنوان :