معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان کی زیر صدارت زراعت کے شعبہ سے متعلق بجٹ تجاویز بارے جائزہ اجلاس

بدھ 18 اپریل 2018 20:03

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو/وفاقی وزیر ہارون اختر خان کی زیر صدارت زراعت کے شعبہ سے متعلق آئندہ بجٹ کیلئے تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں زراعت سے وابستہ مختلف شراکت داروں اور ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات بوسن اور چیئرمین ایف بی آر طارق محمود پاشا کے علاوہ دیگر سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں زراعت کے شعبہ کی ترقی کیلئے مختلف تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور کاشتکاروں کی سہولت و دیہی معیشت کو استحکام دینے سے متعلق اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، زراعت اور اس سے وابستہ دیگر شعبوں کا استحکام موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے اور کاشتکاروں کیلئے دی جانے والی رعایتیں اور سہولیات کو برقرار رکھنا چاہتی ہے، اس سلسلے میں تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنانے کیلئے اس کا سنجیدگی کا جائزہ لیا جائے گا۔