یومِ مزدور: سید مراد علی شاہ کا محنت کشوں کو سرخ سلام، مزدور دوست اقدامات جاری رکھنے کا عزم

جمعہ 1 مئی 2026 23:36

یومِ مزدور: سید مراد علی شاہ کا محنت کشوں کو سرخ سلام، مزدور دوست اقدامات ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2026ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ مزدور کے موقع پر دنیا بھر کے محنت کشوں کو ‘‘سرخ سلام’’ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت مزدور دوست پالیسیوں کے ذریعے ان کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مزدوروں کا استحصال روکنے کے لیے سندھ اسمبلی نے تاریخی قانون سازی کی ہے، جبکہ بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے لاکھوں خاندانوں کو سماجی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ محنت کش طبقہ ان کا دست و بازو ہے اور ان کے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ ملک کا پہلا صوبہ ہے جہاں زرعی محنت کشوں کے حقوق کو باقاعدہ قانونی تحفظ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تھر کول کے منصوبوں سے لے کر کراچی کی صنعتوں تک معیشت کا ہر پہیہ مزدور کی محنت اور ہمت سے چل رہا ہے، اور اسی تناظر میں کم از کم اجرت پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ‘‘روٹی، کپڑا اور مکان’’ دراصل محنت کش طبقے کی خوشحالی سے جڑا ہوا ہے، جبکہ یومِ مزدور شکاگو کے شہدائ کی قربانیوں اور محنت کشوں سے تجدیدِ عہد کا دن بھی ہے، جس کا حوالہ Haymarket Affair سے جڑا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی امن اور معاشی استحکام مزدوروں کی خوشحالی کے بغیر ممکن نہیں۔ سندھ حکومت محنت کشوں کے بچوں کے لیے تعلیم اور صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں ہنرمند بنا کر بین الاقوامی مارکیٹ کے لیے تیار کر رہی ہے۔آخر میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کے محنت کشوں نے ہر مشکل گھڑی میں ملکی معیشت کو سہارا دیا ہے، اور انہی کی محنت اور دعائیں صوبے کی ترقی کا اصل راز ہیں۔