ڈاکٹرعشرت العباد خان کا یومِ مزدور پر بیان ، کم ازکم تنخواہ 65 ہزارمقررکرنے کا مطالبہ

جمعہ 1 مئی 2026 23:11

ڈاکٹرعشرت العباد خان کا یومِ مزدور پر بیان ، کم ازکم تنخواہ 65 ہزارمقررکرنے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2026ء) سابق گورنر سندھ اور میری پہچان پاکستان (ایم پی پی)کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ محنت کش کسی بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، جبکہ شکاگو کے مزدوروں کی قربانیاں آج بھی دنیا بھر میں یاد رکھی جاتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور کم از کم تنخواہ 65 ہزار روپے مقرر کی جائے۔

یومِ مزدور کے موقع پر کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں لیبر ونگ کے ذمہ داران اور محنت کشوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق مزدور کی اجرت اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کی جانی چاہیے، تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ آج مزدور کو نہ بروقت تنخواہ ملتی ہے اور نہ ہی بنیادی حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم پی پی سینٹرل کمیٹی کے انچارج نہال احمد صدیقی، لیبر ونگ کے نگران سیف یار خان، پنجاب سے وسیم گوندل سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ بلدیاتی اداروں خصوصا کے ایم سی، ٹی ایم سیز اور دیگر محکموں میں کئی ملازمین کو بڑھائی گئی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جبکہ پنشنرز کو بھی بروقت ادائیگیوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ بعض ملازمین دو سے تین سال سے تنخواہوں سے محروم ہیں اور لیو انکیشمنٹ کی ادائیگی بھی رکی ہوئی ہے۔انہوں نے سرکاری اداروں میں کرپشن، جعلی بھرتیوں، پسند و ناپسند اور رشوت کے کلچر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ کا قتل عام کیا جا رہا ہے، جس سے ادارے تباہی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن سمیت مختلف اداروں میں طبی سہولیات بند کر دی گئی ہیں جبکہ سن کوٹہ ختم ہونے سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے ملازمین بھی اپنے بچوں کو روزگار دلانے سے محروم ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں اور ملازمین کو تمام بقایاجات فوری ادا کیے جائیں، پنشنرز کو بروقت پنشن دی جائے، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کی پالیسی بنائی جائے اور سوشل سیکیورٹی و ہیلتھ انشورنس جیسی سہولیات فراہم کی جائیں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ میری پہچان پاکستان مزدوروں اور محنت کشوں کے حقوق کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ہر فورم پر ان کی آواز بلند کرے گی۔