کراچی میں پانی کا بدترین بحران، پانی کی فراہمی مزید 3دن متاثر رہنے کا خدشہ

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر لائنوں کے مرمتی کام کی وجہ سے 7 پمپس سے شہر کو پانی فراہم نہیں کیا جا رہا ہے، ذرائع

ہفتہ 2 مئی 2026 13:15

کراچی میں پانی کا بدترین بحران، پانی کی فراہمی مزید 3دن متاثر رہنے کا ..
․کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2026ء) کراچی میں پانی کابدترین بحران جاری مختلف علاقوں میں گزشتہ 6 دن سے پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہے اور خدشہ ہے کہ مزید2سے 3 دن شہر میں پانی کی فراہمی متاثر رہے گی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کے بریک ڈائون کے باعث متاثر ہونے والی پانی لائنوں کا مرمتی کام تاحال مکمل نہیں ہوسکا، جس کے نتیجے میں شہر کو کروڑوں گیلن پانی فراہم نہیں کیا جا سکا اور مختلف علاقوں میں مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔

متعلقہ حکام کی جانب سے لائنوں کے مرمتی کام میں تاخیر کے باعث کراچی میں پانی کا بحران بدترین شکل اختیار کرتا جا رہا ہے جہاں 27 اپریل کو دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاون کی وجہ سے پانی تین لائنیں پھٹ گئی تھی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں لائن نمبر 5 کا مرمتی کام مکمل کرلیا گیا لیکن تاحال 6 دن گزرنے کے باوجود لائن نمبر ایک اور لائن نمبر دو کا مرمتی کام مکمل نہیں ہوسکا، جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بند ہے، متاثرہ علاقوں میں کورنگی، لانڈھی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی، ناظم آباد، ملیر، شاہ فیصل کالونی، چنیسر گوٹھ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

ذرائع واٹر کارپوریشن کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر لائنوں کے مرمتی کام کی وجہ سے 7 پمپس سے شہر کو پانی فراہم نہیں کیا جا رہا ہے جس کے باعث شہر میں پانی کا بحران پیدا ہو گیا۔ذرائع نے کہا کہ اتوار تک امکان ہے کہ لائنوں کا مرمتی کام مکمل کر لیا جائے گا تاہم مرمتی کام مکمل ہونے کے 24 گھنٹے بعد شہر میں پانی کی فراہمی معمول پر آنے کا امکان ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ آنے والے مزید 2سے 3 دن شہر میں پانی کی فراہمی متاثر رہے گی۔