عوامی مسائل کے حل کے لیے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، گورنر سندھ

جمعہ 1 مئی 2026 23:11

عوامی مسائل کے حل کے لیے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2026ء) گورنر سندھ نہال ہاشمی سے طاہر پرویز قریشی ایڈوکیٹ، محمد انیس قریشی اور دیگر کی ملاقات ہوئی، جس میں القریش برادری کے کنونشن اور ایشیا کی معروف بابر مارکیٹ کے دورے کی دعوت دی گئی۔کراچی وکلا اتحاد کے مرکزی رہنما اور چیئرمین یونین کونسل صدر ٹان، طاہر پرویز قریشی ایڈوکیٹ کی دعوت پر ہونے والی اس ملاقات میں بانی استحکام پاکستان سوشل فورم پاکستان و بانی جنرل سیکریٹری و قائمقام صدر انجمن فلاح و بہبود برادران القریش کراچی محمد انیس قریشی، وقاص احمد خان ایڈوکیٹ اور رئیس احمد ایڈوکیٹ بھی شریک تھے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے خیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحیثیت گورنر وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تاکہ شہری و دیہی تفریق کا خاتمہ ہو اور عوامی مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کی نشاندہی پر متعلقہ اداروں کو سفارشات بھیج کر مسائل کو عوام کی دہلیز پر حل کرانے کی کوشش کریں گے۔

محمد انیس قریشی نے گورنر سندھ کو القریش برادری کے یکجہتی کنونشن میں شرکت اور بابر مارکیٹ کے دورے کی دعوت دی، جبکہ بجلی، گیس، پانی، سیوریج، سڑکوں اور فٹ پاتھ جیسے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ ان کا دفتر عوام کے لیے ہر وقت کھلا ہے اور وہ اپنی قانونی و اخلاقی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔ آخر میں انہوں نے طاہر پرویز قریشی، محمد انیس قریشی اور دیگر شرکا کا شکریہ ادا کیا۔