صحت کا شعبہ اہم ہے ،دکھی انسانیت کی خدمت ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہئے، اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی کی ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت

بدھ 18 اپریل 2018 20:03

کوئٹہ ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی سے ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر یاسر کی سربراہی میں ایک وفد نے یہاں انکے چیمبر میں بدھ کے روز ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران وفد نے اسپیکر کو ڈاکٹرز اورپیرا میڈکس کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر اسپیکر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت کا شعبہ اہم ہے اس کی بہتری کیلئے ہم سب کو مل جل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

دکھی انسانیت کی خدمت ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے ۔ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ ہڑتالوں کی بجائے اس اہم شعبہ کی ترقی اور دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعاربنائے ۔ اسپیکر نے کہا کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت ہسپتالوں میںعلاج معالجے کی سہولتوں کی بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔

ہماری اپنی ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے بہترین سہولیات اور غریب مریضوں کی خدمت کے جذبے سے سرشار ماہر ڈاکٹرز ، سرجنز ، فزیشنزاور پیرامیڈیکل اسٹاف کی ٹیم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی علاج کی غرض سے انہیں ہسپتالوں کے ڈاکٹرز سے اپنا طبی معائنہ کرواتی ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ آج بھی دکھی انسانیت کی خدمت سے سرشار ڈاکٹرز موجود ہیں جن پر ہمیں فخر ہے۔

اسپیکر نے وفد کو یقین دلایا کہ ڈاکٹرز کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی انہوں نے ڈاکٹرز کوہدایت کی ہسپتالوں میں ہڑتال اور او پی ڈیز کو بند کرنے کی بجائے انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر صوبے کے دور دراز علاقوں سے علاج معالجے کی غرض سے کوئٹہ آنے والے غریب مریضوں کو بہترین خدمات اورطبی سہولیات مہیا کی جائیں ۔