کراچی میں ڈمپرجلانے کے مقدمے کی سماعت ایک بار پھر مؤخر

کیس کی آئندہ سماعت 15 جولائی مقرر، آفاق احمد و دیگر کے خلاف لانڈھی تھانے میں مقدمہ درج ہے

جمعہ 11 جولائی 2025 22:06

کراچی میں ڈمپرجلانے کے مقدمے کی سماعت ایک بار پھر مؤخر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء)انسداد دہشت گردی عدالت کراچی میں ڈمپر جلانے کے مقدمے کی سماعت ایک بار پھر مؤخر کر دی گئی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی۔سماعت کے دوران مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد اور دیگر 12 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ کیس میں آفاق احمد اور ان کے ساتھیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک کنٹینر کو نذرِ آتش کرنے کی منصوبہ بندی کی اور اسے عملی جامہ پہنایا۔

(جاری ہے)

استغاثہ کے مطابق ملزمان نے عدالت میں تسلیم کیا ہے کہ کنٹینر جلانے کا حکم آفاق احمد نے دیا تھا۔ آفاق احمد پر مزید الزام ہے کہ انہوں نے آڈیو میسج کے ذریعے اپنے کارکنوں کو اکسانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں کنٹینر کو آگ لگا دی گئی۔متاثرہ کنٹینر سے چینی کی بوریاں چوری ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ واقعے کے بعد لانڈھی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں دہشت گردی، جلاؤ گھیراؤ اور لوٹ مار کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔عدالت نے اس موقع پر آفاق احمد اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 15 جولائی کو مقرر کر دی۔ آفاق احمد و دیگر کے خلاف لانڈھی تھانے میں مقدمہ درج ہے۔