سندھ مدرسہ یونیورسٹی اور ترکی کی یونیورسٹی کے درمیان معاہدہ پر دستخط

بدھ 18 اپریل 2018 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) سندھ مدرسہ یونیورسٹی کا طالبعلموں اور اساتذہ پر مشتمل وفد انٹرنیشنل لیڈرشپ پروگرام کے تحت ترکی کا چھ روزہ مطالعتی دورہ کررہا ہے۔ وفد نے دورے کے تیسرے روز یلدیز ٹیکنیک یونیورسٹی اور الطنباس یونیورسٹی استنبول کا دورہ کیا۔ایس ایم آئی یو کے ڈینز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی سید اور الطنباس یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر کیگری ارحان نے مستقبل میں دونوں جامعات کی جانب سے مشترکہ طور پرتعلیم کے میدان میں ایک دوسرے سے تعاون کرنے کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کیئے۔

الطنباس یونیورسٹی کے دورے کے دوران یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر کیگری ارحان نے بتایا کہ یہ جامعہ 53 کمپنیز نے مل کر قائم کی۔

(جاری ہے)

جس کے تین کیمپسز ہاور نو فیکلٹیز ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انکی جامعہ نے دنیا میں 270 یونیورسٹیز کے ساتھ مفاہمتی معاہدے کیئے ہوئے ہیں اور مختلف ممالک کیساتھ 34 دو طرفہ معاہدے کیئے ہوئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انکی جامعہ میں بائیس فیصد طالبعلم دیگر ممالک سے پڑھنے آتے ہیں۔

بعد میں سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وفد نے استنبول کے تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔سندھ مدرسہ یونیورسٹی کا وفد جیسے ہی یلدیز یونیورسٹی پہنچا تو میزبان پروفیسر ڈاکٹر گلپ کینسور نے وفد کا استقبال کیا۔ بعد میں وفدکو یونیورسٹی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وفد کو بتایا گیا کہ یلدیز یونیورسٹی 1911 میں قائم کی گئی۔ جس میں گیارہ فیکلٹیز اور 36 ہزار9 سو 15 طالبعلم تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے تاریخی کردار اور موجودہ صورتحال کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔