ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام شوریٰ ہمدرد پشاور کا ماہانہ اجلاس

بدھ 18 اپریل 2018 21:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام شوریٰ ہمدرد پشاور کا ماہانہ اجلاس گزشتہ روز پشاور کے سروسز کلب میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا موضوع’’قائداعظم محمد علی جناح کا سیاسی بیانیہ اور موجودہ سیاسی صورتحال‘‘ تھا۔اجلاس کی صدارت اسپیکر شوریٰ ہمدرد ڈاکٹر صلاح الدین نے کی جبکہ مہمان مقررہسٹری ڈیپارٹمنٹ ،ایریا سٹڈی سنٹر ،پشاور یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر سید وقار علی شاہ تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان مقرر نے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران حضرت قائداعظم کی شخصیت نے جہاں مسلمانان ہندوستان کو رہنمائی فراہم کی وہیں ان کے سیاسی بیانیے کی بنیاد دین اسلام و قرآن و سنت کی تعلیمات تھیں۔ان کے مخالفین بھی اس بات کا اقرار کرتے ہیں کہ ان کی سیاست کا بنیادی محور صداقت اور دیانت تھی۔

(جاری ہے)

حضرت قائداعظم اور ان کی جماعت کو نہ صرف ہندو اکثریت سے واسطہ تھا بلکہ وہ مسلمانوں سے 8 سو سالہ غلامی کے دور کا بدلہ بھی لینا چاہتے تھے ۔

یہ قائداعظم کی فراست تھی کہ انہوں نے پاکستان کے لئے فکری رہنمائی فراہم کی ۔ آج جب مختلف قومیتوں کی بات کی جاتی ہے تو یہ بات پاکستان کی بنیادوں کو ہلانے کے مترادف ہے۔ہمیں یقیناً ایسی آوازوں پر گرفت رکھنا ہو گی تا کہ پاکستان کو ایک مستحکم ملک کے طور پر دنیا بھر کے ممالک سے مقابلے میں مسابقت دے سکیں