ملتان،علامہ اقبال کے افکار و تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ڈاکٹرحمید رضاصدیقی

بدھ 18 اپریل 2018 22:05

ملتان۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) پرنسپل گورنمنٹ کالج سول لائنز ملتان پروفیسر سید محمد باقر جعفری، سابق ای ڈی او ایجوکیشن پروفیسرڈاکٹر حمید رضا صدیقی، سابقہ ایم پی اے نفیس احمد انصاری، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم اور عمران اعظمی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کے افکار و تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔

اقبال ہر دور کا شاعر ہے جس نے اپنی شاعری سے امت مسلمہ کو خواب غفلت سے بیدار کیا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور نظریہ پاکستان فورم ملتان کے زیر اہتمام شاعر مشرق حضرت ڈاکٹر علامہ اقبال کے 80ویں یوم وفات کے موقع پر چار روزہ تقریبات کے پہلے روز گورنمنٹ کالج سول لائنز ملتان میں کالج کے طلبائ و طالبات کے درمیان منعقدہ مقابلہ تقریر و کلام اقبال سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کی نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن میاں وقاص فرید قریشی نے سرانجام دیئے جبکہ منصفین میں پروفیسر ڈاکٹر ابرار عبدالسلام اور پروفیسرغلام رضا ناصر شامل تھے۔ جن کے فیصلے کے مطابق مقابلہ تقریراردو میں اول انعام کے حقدار تصور مجید سٹی کالج ملتان ، دوم طوبیٰ خیل اور سوم ذیشان رضا گورنمنٹ کالج سول لائنز ملتان رہے۔

مقابلہ تقریر انگلش میں اول دل آویزگورنمنٹ سول لائنز ملتان اور دوم ثوبیہ دقیشہ وومن یونیورسٹی ملتان رہیں۔ جبکہ کلام اقبال کے مقابلہ میں اول عائشہ منان گورنمنٹ فاطمہ جناح گرلز ڈگری کالج ملتان، دوم ریحان علی اور سوم ذیشان گورنمنٹ کالج سول لائنز ملتان رہے۔ ان طلبائ و طالبات میں علامہ اقبال کی تصانیف کلیات اقبال، بال جبریل، ضرب کلیم و دیگر تقسیم کی گئیں۔