وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی برطانیہ کی ہوم سیکرٹری امبر رڈ سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ

خیال،وزیر داخلہ نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں قتل، تشدد اور عصمت دریوں کو جنگی آلہ کے طور پر استعمال کرنے جیسی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا

بدھ 18 اپریل 2018 23:21

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی برطانیہ کی ہوم سیکرٹری امبر رڈ سے ملاقات، ..
لندن ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے برطانیہ کی ہوم سیکرٹری امبر رڈ سے لندن میں ملاقات کی۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سیّد ابن عباس بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لندن سے موصول ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق وزیر داخلہ نے برطانوی ہوم سیکرٹری کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیاب جنگ اور اس لعنت کے خاتمہ کیلئے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کیا۔

برطانوی ہوم سیکرٹری امبر روڈ نے کہا کہ برطانیہ تمام شعبوں میں پاکستان کو ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے۔ انہوں نے گذشتہ سال اپنے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فریقین نے سیکورٹی کے شعبہ میں تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے قرار دیا کہ اس شعبہ میں بالخصوص استعداد کار بڑھانے اور ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن کے سلسلہ میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی بڑی گنجائش ہے۔

انہوں نے منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت کے دہشت گردی کی فنانسنگ سے تعلق کو تسلیم کرتے ہوئے اس شعبہ میں اپنے تجربات کے تبادلہ اور مزید تعاون کی راہیں تلاش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر بھارتی مقبوضہ کشمیر میں قتل، تشدد اور عصمت دریوں کو جنگی آلہ کے طور پر استعمال کرنے جیسی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کامن ویلتھ ہیڈز آف گورنمنٹ میٹنگ 2018ء میں شرکت کے سلسلہ میں برطانیہ کے دورہ پر ہیں۔