کمیونٹی کو شامل کئے بغیر پولیس کی کامیابی ناممکن ہے،دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دے رہے ہیں،اسلام آباد میں مصالحتی کمیٹیاں بہترین انداز میں کام کر رہی ہیں، وفاقی پولیس میں جو اصلاحات کی گئی ہیں ان کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے،انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری

جمعرات 19 اپریل 2018 00:10

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس عوام کی خدمت کو اپنا منشور بنا کر لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے ، کمیونٹی کو شامل کئے بغیر پولیس کی کامیابی ناممکن ہے اسی لئے آج دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک بھی کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دے رہے ہیں،وفاقی دار الحکومت میں مصالحتی کمیٹیاں بہترین انداز میں کام کر رہی ہیں، وفاقی پولیس میں جو اصلاحات کی گئی ہیں ان کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں،پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کی زیر صدارت تمام تھانوں کی مصالحتی کمیٹیوں کے ارکان اور تھانوں کے ہیومن رائٹس آفیسرز کا اجلاس ہوا، جس میں اے آئی جی آپریشنز عصمت اللہ جو نیجو،ایس پی انویسٹیگیشن زبیر احمد شیخ اور دیگر پولیس افسروں سمیت ہیومن رائٹس آفیسرز اور مصالحتی کمیٹیوں کے 200 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی نے کہا کہ آج کے دور میں اگر پولیسنگ کا کوئی کامیاب طریقہ کار ہے تو وہ کمیونٹی پولیسنگ ہی ہے جو پوری دنیا میں رائج ہے اور ترقی یافتہ ممالک میں کمیونٹی پولیسنگ کو ہمیشہ فروغ دیا گیا ہے ، پولیس کبھی بھی معاشرے سے الگ ہو کر کامیاب نہیں ہو سکتی،انہوں نے کہا کہ عوام ہمارے صارفین ہیں ،پولیس کا کام عوام کی خدمت اور انہیں بہترین ماحول فراہم کرنا اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہے ،آئی جی نے کہا کہ مصالحتی کمیٹیوں کے ارکان کا تقرر مکمل چھان بین کے بعد کیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آپ اپنی نجی مصروفیات کو ترک کر کے پولیس کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مصالحتی کمیٹیوں کے نمائندے سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کو ترجیح دیں،اسلام آباد پولیس کی جانب سے آئندہ مصالحتی کمیٹیوں کے ارکان کو خصوصی کارڈ جاری کئے جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ میں کسی پارٹی کا کوئی سیاسی عہدیدار شامل نہیں اور تمام نمائندے اچھے کردار کے حامل ہیں،انہوں نے کہا کہ اسلام آبادکے تمام تھانوں کو ماڈل پولیس سٹیشن بنایا جا رہا ہے اور جن پولیس سٹیشن کو ماڈل بنا دیا گیا ہے ان میں ایک ہی چھت تلے شہریوں کو ہر طرح کی سروس فراہم کی جا رہی ہے اور عوام کی طرف سے بھی پولیس کے ان اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :