Live Updates

پاکستان کے آئین اور ریاست کو نہ مانے والوں کےساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو سکتے، گورنرخیبرپختونخوا

جمعہ 17 اکتوبر 2025 12:46

پاکستان کے آئین اور ریاست کو نہ مانے والوں کےساتھ کسی قسم کے مذاکرات ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس ٹریننگ سنٹر ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ نے گورنر کو حملے کی تفصیلات پر تفصیلی بریفنگ دی۔بعدازاں گورنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر پاکستان کے آئین اور ریاست کو نہیں مانتے، ان کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن ناگزیر ہے اور امن کے قیام کے لیے نیشنل پیس آپریشن کی حمایت ضروری ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک میں امن کی بحالی کے لیے سیاسی قیادت، فوج اور عوام کو ایک صفحے پر ہونا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم کی زیر صدارت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں قومی سلامتی اور آپریشنز سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاک دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بعض عناصر پاکستان کا قانون اور ریاست نہیں مانتے، ایسے لوگوں سے مذاکرات نہیں بلکہ قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے،صوبے کی ترقی امن سے مشروط ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ضم شدہ اضلاع میں آئل اور گیس کے وافر ذخائر موجود ہیں، جنہیں بروئے کار لانا ممکن ہے بشرطیکہ خطے میں امن و استحکام قائم ہو۔

انہوں نے کہا کہ اوجی ڈی سی ایل اور دیگر کمپنیاں ان علاقوں میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں، تاہم یہ سب کچھ پائیدار امن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس ٹریننگ سکول پر حالیہ حملے میں ایک حملہ آور مقامی جبکہ باقی افغان شہری تھے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ حملہ آور براہِ راست افغانستان سے رابطے میں تھے۔فیصل کریم کنڈی نے الزام عائد کیا کہ بھارت اور اسرائیل افغانستان کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان نے دہائیوں تک افغان بھائیوں کو پناہ دی مگر اب کچھ افغان عناصر بھارت کے اشاروں پر پاکستان مخالف سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے بتایا کہ افغانستان کا ایک وفد بھارت میں موجود تھا اور اسی دوران پاکستان پر حملہ ہوا، جو اس گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انٹیلی جنس بیس آپریشنز کیے ہیں مگر دوست ممالک کی درخواست پر سیزفائر بھی کیا۔

گورنر خیبر پختونخوا نے بتایا کہ ان کی نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پی ٹی آئی وفد کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ تمام معاملات سیٹ ہو جائیں گے اور حکومت صوبے کی ترقی کے لیے مل کر کام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ساتھ جو مسائل ہیں، وہ اپوزیشن اور حکومت کے باہمی مذاکرات سے حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان، وسائل کے مؤثر استعمال اور بہتر ورکنگ ریلیشن شپ کے لیے تمام جماعتوں کو ایک صفحے پر آنا ہوگا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سیاسی عمل پر یقین رکھتے ہیں اور ہمیشہ مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر سیاسی جدوجہد کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے تحفظات بات چیت کے ذریعے دور کیے جائیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے پولیس ٹریننگ سنٹر کے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیاانہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پولیس جوانوں نے جانوں کی قربانی دے کر ڈی آئی خان کو بڑے نقصان سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ پولیس ہمیشہ امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہےاور ہم ڈیرہ کے امن کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات