نگر میں کھیل کود اورصحت مند سرگرمیوں کی وجہ سے رونقیں بحال ہوئی ہیں، حافظ حفیظ الرحمن

جمعرات 19 اپریل 2018 13:08

نگر میں کھیل کود اورصحت مند سرگرمیوں کی وجہ سے رونقیں بحال ہوئی ہیں، ..
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ نگر میں کھیل کود اورصحت مند سرگرمیوں کی وجہ سے رونقیں بحال ہوئی ہیں جس پر ہنزہ نگر کے عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں، گلگت بلتستان میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے اور زبانیں بولنے والے لوگ رہتے ہیں لیکن بحیثیت مسلمان ہم سب ایک ہیں،آپس کی غلط فہمیاں دورکرنے کیلئے تعلیمی ادارے ، کھیل کے گرائونڈ اور دیگرمواقعوں پر ساتھ بیٹھنا ضروری ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے ماضی میں ایک ساتھ بیٹھنے کے مواقع فراہم نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوتی رہی۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے شہید ارشاد حسین والی بال ٹورنامنٹ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ ماضی کے ادوار میں گلگت بلتستان میں خون خرابہ ہوتا رہا نوگو ایریاز موجود تھے لیکن آج حکومتی پالیسیوں اور افواج پاکستان ، پولیس، انتظامیہ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور گلگت بلتستان کے عوام کی مشترکہ کوششوںسے گلگت بلتستان امن کا گہوارہ بن چکا ہے صوبے میں روشنیاں لوٹ آئی ہیں اس بھائی چارگی اورامن کی فضاء کو پائیدار بنانے کیلئے ہم سب نے اپنا کردار اداکرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت انصاف کی فراہمی اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، نگر اور غذر میں کھیلوں کے میگا ایونٹس کا انعقاد کرایا گیا۔ امن و امان برقرار ہونے سے عوام کو ایک ساتھ بیٹھنے کے مواقع میسر آرہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ امن وامان کی وجہ سے گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پرسیاح آرہے ہیں جس کی وجہ سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل رہاہے۔ وزیر اعلیٰ نے نگر میں گرائونڈ کی تعمیر اور جمنیزئم کے قیام کا بھی اعلان کیا۔