سوئی گیس عدم فراہمی کے خلاف 25واں احتجاجی کیمپ

جمعرات 19 اپریل 2018 14:51

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اپریل2018ء) سوئی گیس عدم فراہمی کے خلاف 25واں احتجاجی کیمپ ، ہر جمعرات کو چوک شہیداں میں پر امن احتجاجی کیمپ لگا کر بنیادی سہولیات کے حصول کے لیے مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ سوئی گیس فراہمی کے منصوبے پر جب تک کام کا آغاز نہیں کیا جاتا ہر جمعرات کو احتجاجی کیمپ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار تحفظ حقوق کمیٹی میرپور کے رہنمائوں چیئرمین کنونینگ کمیٹی ، جموں کشمیر ورکرز پارٹی رضوان کرامت، راشد محمود ایڈووکیٹ، کاشف جاوید، حسیب حیدر، اور دیگر نے احتجاجی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔

رہنمائوں نے کہا گزشتہ 18سال سے ہمارا پر امن احتجاج کا سلسلہ مختلف انداز سے جاری ہے۔ لیکن حکمران میرپور دشمنی کرتے ہوئے شہر میں سوئی گیس فراہمی میں تاخیری ہربے اختیار کیے ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ تحفظ حقوق کمیٹی میرپور یہ سمجھتی ہے کہ ارباب اختیار کے مظالم کے ستائے ہوئے شہری جب تک بیداری سے منظم انداز میں جدوجہد کو آگے نہیں بڑھاتے تو حکمرانوں کی مکروہ چالوں کا شکار ہوتے رہیں گے اور یہ مسائل جوں کے تون رہیں گے۔

(جاری ہے)

تحفظ حقوق کمیٹی میرپور بالخصوص گزشتہ چار سال سے اور بالعموم گزشتہ 25ہفتون سے احتجاجی سلسلہ رواں رکھے ہوئے ہے کہ احتجاجی کیمپ کی صورت پر امن احتجاج و شہریوں کی بیداری مہم کو آگے بڑھایا جائے کیونکہ بیدار اور منظم شہری ہی اصل میں اپنے حقوق کا دفاع کر سکتے ہیں اور انکے حصول کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ رہنمائوں نے کہا کہ موسمی تبدیلی کے پیش نظر تحفظ حقوق کمیٹی میرپور کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ احتجاج کے اوقات میں تبدیلی کی جائے گی جسکے مطابق ہر جمعرات کو صبح 9بجے سے لیکر 11بجے تک احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا۔