برصغیر کے عظیم روحانی پیشواء حضرت بابا پیرا شاہ کاسالانہ عرس مبارک 30 اپریل اور یکم مئی 2018 ء کودربار عالیہ کھڑی شریف میں منعقد ہو گا

وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر 30 اپریل بعد از نماز مغرب دربارشریف پر غسل و چادر پوشی کریں گے

جمعرات 19 اپریل 2018 16:06

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) برصغیر کے عظیم روحانی پیشواء حضرت بابا پیرا شاہ غازی المعروف دمڑیاں والی سرکار کا سالانہ عرس مبارک 30 اپریل اور یکم مئی 2018 ء کودربار عالیہ کھڑی شریف میں منعقد ہو گا ۔ پروگرام کے مطابق وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان 30 اپریل بعد از نماز مغرب دربارشریف پر غسل و چادر پوشی کریں گے ۔

30 اپریل کو بعد از نمازعشاء پاکستان کے مایہ ناز قوال شیر علی ، مہر علی قوالی پیش کریں گے ۔ یکم مئی کو عرس کی اختتامی دعائیہ تقریب منعقد ہو گی ۔آزادکشمیر کے وزیر اوقاف و مذہبی امور راجہ عبدالقیوم خان تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ تقریب کی صدارت سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور سید نظیر الحسن گیلانی ہوں گے ۔

(جاری ہے)

عرس کی تقریبات محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام منعقد ہو گی جس میں پاکستان اور آزادکشمیر کے مشہور جید علماء کرام ، نعت خواں حضرات عارف کھڑی رومی کشمیر حضرت میاں محمد بخش کا عارفانہ کلام پیش کریں گے ۔

عرس مبارک میں پاکستان ، آزادکشمیر سمیت بیرون ممالک سے ہزاروں کی تعداد میں زائرین شرکت کریں گے عرس کے جملہ انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے محکمہ اوقاف نے پروگرامز ترتیب دینا شروع کر دئیے ہیں عرس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے ۔ یہ بات ناظم اوقاف مقصود حسین عباسی کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتائی گی ہے ۔

متعلقہ عنوان :