راولپنڈی میں پہلی ریسرچ اینڈ ریفرنس ای لائبریری فعال کر دی گئی

کتب بینی کے شائقین کو بلامعاوضہ لاکھوں کتب کی آسان دستیابی کو یقینی بنا دیا گیا

جمعرات اپریل 16:06

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل2018ء) لاکھوں کتابوں کے ذخیرے پر مشتمل راولپنڈی میں پہلی ای لائبریری فعال کر دی گئی ۔۔نواز شریف پارک راولپنڈی میں قائم کی گئی نئی جدید ’’ای لائبریری‘‘کے چیف لائبریرین شیر افضل ملک نے اے پی پی کو بتایاکہ پنجاب حکومت نے مطالعہ اور تحقیق کے فروغ کے لیے پنجاب بھر کے مختلف شہروں میں ’’ای لائبریریاں ‘‘ قائم کی ہیں ۔

ان ای لائبریوں کے قیام کا بنیادی مقصد بلارکاوٹ معلومات کے حصول اور کتب بینی کے رجحان کو فروغ دینا ہے ۔انہو ںنے بتایاکہ ان ای لائبریوں کے ذریعے مفصل اور گہرے تحقیقاتی کام کے لیے کسی بھی لائسنس و کاپی رائٹ پابندیوں کے بغیر مفت معلومات تک رسائی ممکن ہو سکے گی ۔وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی ہدایات پر انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ پنجاب صوبہ کی زیر اہتمام 21اضلاع میں ای لائبریریز قائم کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

شیر افضل ملک نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی میں کتب بینی کے شوقین حضرات کے لیے قائم شاہکار ای لائبریری میں دنیا بھر کے تمام موضوعات پر لاکھوں کتب دستیاب ہیں جنھیں شائقین بلاتردد لائبریری میں دستیاب 30لیب ٹاپس کے ذریعے اپنی من پسند کتب کا مطالعہ کر سکتے ہیں ۔شیر افضل ملک نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ای لائبریری میں بچوں کے لیے خصوصی طور پر سٹوریز اور ڈاکومینٹریزکے لیے 5ٹیبلٹس بھی مہیا کیے گئے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ ای لائبریری کے ذریعے HECکا تمام ڈیٹا بیس بھی دستیاب ہو گا ۔انہوں نے بتایاکہ یہ بنیادی طور پر ریسرچ اینڈ ریفرنس لائبریری کے طور پر کام کرے گی اور ابتدائی طور پر ایک شفٹ میں کام کیا جائے گا جبکہ بعد میں دو شفٹیں شروع کی جائیں گی ۔انہوں نے کہاکہ ای لائبریری کے حوالے سے تربیت یافتہ عملہ متعین کیا گیا ہے اور لائبریری میں معمر افراد کی دلچسپی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں ۔

شیر افضل ملک نے اے پی پی کو بتایاکہ ای لائبریری میں موسم گرما کی تعطیلات میں طلباء و طالبات کو مختلف صحت مند سرگرمیوں کے کورسز بھی کروائے جائیں گے ۔لائبریری میں طلباء و طالبات اور عام شہری سمیت کمیونٹی کا ہر فرد بلارکاوٹ و بلامعاوضہ آسکتا ہے اور دلچسپ موضوعات پر مبنی کتب کا مطالعہ کر سکتا ہے ۔شیر افضل ملک نے بتایاکہ راولپنڈی ای لائبریری میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام لیکچرز سیریز شروع کی جائے گی اور سٹار کرکٹرز کو مدعو کیا جائے گا لائبریری کی کوئی ممبر شپ فیس نہیں ہے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ کی ڈیجیٹل لائبریری میں ای روزگار کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ لوگ اس تربیت سے استفادہ کرتے ہوئے ای روزگار کا حصول یقینی بنا سکیں ۔