اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا ،پاکستانی بہت اچھے ہیں‘ بھارتی خاتون

کرن بالا نے لاہورکی جامعہ نعیمیہ میں اسلام قبول کرنے ،نیا نام آمنہ بی بی رکھے جانے کی بھی تصدیق کر دی

جمعرات 19 اپریل 2018 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) پاکستانی نوجوان سے محبت کی شادی کرنے والی بھارتی خاتون کرن بالا (آمنہ بی بی) کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی مرضی اور خوشی سے اسلام قبول کیا ہے میرے ساتھ کوئی زبردستی نہیں ہوئی ہے۔ااکستانی بہت اچھے ہیں میں یہاں سے واپس جانا نہیں چاہتی اور اگرمجھے واپس بھیجا گیا توزندہ نہیں رہوں گی۔

(جاری ہے)

بھارتی ضلع ہشیارپور کے گائوں گڑھ شنکر سے تعلق رکھنے والی بھارتی خاتون کرن بالا کے بارے میں یہ خبرسامنے آئی تھی کہ اس نے لاہور کے رہائشی ایک نوجوان محمداعظم سے فیس بک پردوستی کے بعد شادی کرلی ہے، کرن بالا نے لاہورکی جامعہ نعیمیہ میں اسلام قبول کرنے اور نیا نام آمنہ بی بی رکھے جانے کی بھی تصدیق کی ہے۔کرن بالا کا شوہر 2013ء میں فوت ہوچکا ہے اوراس کے تین بچے ہیں، کرن اپنے سسرال والوں کے ساتھ ہی زندگی گزاررہی تھی، وہ 12 اپریل کو سکھ یاتریوں کے ساتھ پاکستان آئی تھی اور 21 اپریل کو اس کے ویزے کی مدت ختم ہورہی ہے لہٰذا کرن نے پاکستان میں قیام کے لیے وزارت خارجہ کودرخواست بھی دائرکی ہے۔