مظفرآباد ‘مرکزی مقامات پر نصب سائن بورڈ ز پر آویزاں خواتین کی نیم برہنہ تصاویر والے پینا فلیکس فحاشی و عریانی پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں ‘شہری نے بورڈز اتروانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دیدی

جمعرات 19 اپریل 2018 17:57

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اپریل2018ء) دارالحکومت مظفرآباد کے مرکزی مقامات پر نصب سائن بورڈ ز پر آویزاں خواتین کی نیم برہنہ تصاویر والے پینا فلیکس جو فحاشی و عریانی پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں کو اتروانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دے دی گئی ۔ درخواست گزار محمد حسنین کی جانب سے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضلع مظفرآباد میں مختلف مقامات پر سائن بورڈ آویزاں ہیں جس پر مختلف کاروباری حضرات اپنے کاروبار کی تشہیر کرتے ہیں ۔

سائل کو کسی کی کاروباری تشہیر سے کوئی غرض نہیں وہ جس طرح چاہیں تہذیب و اخلاق اور قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے تشہیر کریں لیکن مختلف کمپنیاں اس بابت ایسی تشہیری تصاویر آویزاں کر رہی ہیں جو معاشرے میں بے حیائی کو پروان چڑھا رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

سائن بورڈ ز پر نیم برہنہ خواتین کی تصاویر آویزاں کی جا رہی ہیں جو ایک اسلامی ملک اور معاشرے میں شرعی اور اخلاقی کسی بھی طور قابل قبول نہ ہیں ۔

اس اخلاقی اور معاشرتی برائی کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اور نیم برہنہ تصاویر کو فی الفور اتارا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر مسعود الرحمن نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کو اس طرح کے سائن بورڈ کو اتروانے اور ان کے مالکان کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے ۔ یاد رہے ہیں کہ طویل عرصہ سے یہ امر زیر بحث تھا اور اخبارات میں بھی اس کے حوالے سے خبریں اور رپورٹس شائع ہوتی رہی ہیں جس پر اب ڈپٹی کمشنر نے کارروائی کا حکم دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :