نارکوٹکس کنٹرول ونگ کو فعال بنانے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں، مکیش کمار چائولہ

جمعرات 19 اپریل 2018 18:12

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چائولہ نے کہا ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ کا قیام افسران کیلئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے اور ہم سب کو ایک ٹیم کے طور پر کام کرتے ہوئے اسے کامیاب بنانا ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبدالحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل نارکوٹکس شعیب احمد صدیقی، ڈائریکٹر نارکوٹکس کراچی اقبال احمد لغاری، ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول حیدرآباد، میرپور خاص اور شہید بے نظیر آباد اورنگزیب اکبر پہنور اور ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول سکھر و لاڑکانہ ذوالفقار علی شاہانی نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نارکوٹکس ونگ کو فعال بنانے کیلئے اس کے قانونی انتظامی اور مالی معاملات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس میں تین سینئر ڈپٹی ڈائریکٹرز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جسے دیئے گئے اہداف کو مکمل کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی روک تھام سے متعلق قوانین سے آگہی مہیا کرنے کیلئے افسران و عملے کی جدید خطوط پر تربیت کی ضرورت ہے اور دور حاضر کے مطابق نارکوٹکس ونگ کے عملے کو جدید ہتھیار اور گاڑیاں مہیا کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ہم نارکوٹکس ونگ کے عملے کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ نہیں کریں گے اس وقت تک ہم بھرپور کامیابی حاصل نہیں کر سکتے۔ اجلاس میں نارکوٹکس کنٹرول ونگ کے عملے کیلئے علیحدہ یونیفارم مقرر کرنے کی بھی تجویز پر غور کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنر نارکوٹکس کنٹرول شعیب احمد صدیقی نے اجلاس کو بتایا کہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ کو فعال کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس کو ہر صورت جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چائولہ نے نارکوٹکس کنٹرول ونگ کو فعال اور کامیاب بنانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :