ایڈن ہائوسنگ سکیم کے متاثرین کا نیب دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ ، ڈی جی نیب سے ملاقات کے بعد منتشر ہو گئے

جائیدادوں کی فروخت ،ان سے وصول رقوم کو تمام متاثرین میں منافع کے ساتھ تقسیم کیا جائے گا ‘ سلیم شہزاد کی متاثرین کو یقین دہانی ایڈن انتظامیہ کیخلاف باقاعدہ کریمنل پروسیڈنگ کا آغاز کیا جا چکا ہے،کسی قسم کی غفلت کو قطعی برداشت نہیں کیا جائیگا‘ ڈی جی نیب

جمعرات 19 اپریل 2018 18:18

ایڈن ہائوسنگ سکیم کے متاثرین کا نیب دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ ، ڈی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) ایڈن ہائوسنگ سکیم کے متاثرین نے نیب دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ، نیب حکام کی طرف سے متاثرین کو یقین دہانی کروائی گئی کہ جائیدادوں کی فروخت اور ان سے وصول رقوم کو تمام متاثرین میں منافع کے ساتھ تقسیم کیا جائے گا جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا ۔

گزشتہ روز ایڈن ہائوسنگ کے متاثرین نے قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے بھرپور نعرے بازی کی جس کے بعد ڈی جی نیب سلیم شہزاد نے متاثرین سے ملاقات کر کے انہیں انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔ جس کے بعد متاثرین نے احتجاج ختم کر دیا ۔ نیب ترجمان کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے ایڈن ہائوسنگ کیس میں موجودہ پوزیشن واضح کر دی گئی ، نیب لاہور قانون کی مطابق میرٹ اور صرف میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش/تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے،ڈی جی نیب لاہور کے حکم پر ایڈن انتظامیہ کے خلاف باقاعدہ کریمنل پروسیڈنگ کا آغاز کیا جا چکا ہے،نیب لاہور کی جانب سے ایڈن انتظامیہ کی اربوں روپے مالیت کی مکمل جائیدادیں اور بینک اکائونٹس کو بھی منجمد کیا جا چکا ہے،علاوہ ازیں نیب لاہور نے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو ایڈن انتظامیہ کی تمام گاڑیوں کی فروخت و ٹرانسفر کے حوالے سے پابند کر دیا گیا ہے،ایڈن انتظامیہ کے ممکنہ ملک سے فرار کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت داخلہ کو تمام ایڈن انتظامیہ کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے فروری 2018ء میں ہی مراسلہ ارسال کر دیا گیا تھا،مذکورہ مراسلہ گزشتہ 2 ماہ سے وزارت داخلہ میں التواء کا شکار ہے ، نیب حکام کی جانب سے ایڈن ہائوسنگ پراجیکٹس کے مالک ڈاکٹر امجد کا پاسپورٹ بلیک لسٹ کروایا جا چکا ہے، جبکہ دیگر شریک پارٹنرز کے پاسپورٹ بھی بلیک لسٹ کروانیکی کوششیں جاری ہیں،نیب لاہور کی ذاتی مداخلت اور گارنٹی پر ایڈن بلیوارڈ پراجیکٹ کی منقطہ بجلی کو لیسکو سے بحال کروایا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق نیب تفتیشی حکام متاثرین کے ازالے کیلئے عنقریب ایک کمیٹی کی تشکیل کیلئے سرکردہ ہیں۔کمیٹی ایل ڈی اے حکام ،ایڈن انتظامیہ (موجود)نمائندہ ایڈن متاثرین،ایس ای سی پی افسران اور نیب تفتیشی افسران پر مشتمل ہوگی، کمیٹی قانون کیمطابق جائیدادوں کی فروخت اور ان سے وصول رقوم کو تمام متاثرین میں منافع کے ساتھ تقسیم کرے گی۔

ترجمان کے مطابق نیب لاہور کی بھرپور کوشش کی مطابق تمام سٹیک ہولڈرز کو کمیٹی میں شامل کی جائیگا جبکہ نیب لاہور کی جانب سے ایڈن متاثرین کی سہولت کے پیش نظر نیب ویب سائٹ پر کمپلینٹ فارمز اپ لوڈ کر دیا گیا ہے،ڈی جی نیب لاہور ایڈن ہائوسنگ پراجیکٹس کیس کی باقاعدہ خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ متاثرین کے نقصان کا ازالہ جلد از جلد کیا جا سکے۔ڈی جی نیب لاہور کے احکامات کے مطابق ایڈن کرپشن کیس میں کسی قسم کی غفلت کو قطعی برداشت نہیں کیا جائیگا۔