پروامیں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

جمعرات 19 اپریل 2018 18:38

ڈیرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) تحصیل پروا کے علاقہ رمک میں نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے معروف سیاسی و سماجی شخصیات طارق خان لسکانی اور اس کے چچا زاد بھائی گلزار خان لسکانی کو قتل کردیا، ساتھی عصمت اللہ شدید زخمی، ملزمان موقع سے فرار،پولیس موقع پرپہنچ گئی،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تحصل پروا کے سابق ناظم اقبال خان مرحوم کا بیٹا طارق خان لسکانی اپنے چچازاد بھائی گلزار خان لسکانی ولد منظور خان ساکنان رمک اپنے دوست عصمت خان ولد بشیر احمد سکنہ سڑہ گرہ کے ہمراہ گھر کے قریب مسجد میں مغرب کی نماز پڑھ کر پیدل گھر جارہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے طارق خان لسکانی اور گلزار خان لسکانی موقع پر جانبحق ہو گئے جبکہ ان کا دوست عصمت خان شدید زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مقتولین کا تعلق میانخیل گروپ کے بتایا گیا ہے جبکہ طارق خان لسکانی جماعت اسلامی کی ٹکٹ پر الیکشن میں بھی حصہ لے چکے ہیں ۔واقعہ طلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی ۔لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے جبکہ زخمی کو ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ منتقل کیا جہاں پر اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے پولیس نے قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے واقعہ کی مزید جھان بین شروع کردی ہے۔