پاکستان قومی بچت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے ڈالر بیس سیونگ سرٹیفکیٹ جاری کرے گا، ظفر مسعود

جمعرات 19 اپریل 2018 18:38

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان قومی بچت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مئی میں 3 سے 5 سال کی مدت کے ڈالر بیس سیونگ سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ ان بانڈز کی کل مالیت 500 ملین ڈالر سے ایک ارب ڈالر تک ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل پاکستان قومی بچت ظفر مسعود نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ظہیر عباس، جاوید شیخ، ریجنل ڈائریکٹر عبدالغفور بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ ظفر مسعود نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لئے ہم مئی میں ڈالر بیس سیونگ سرٹیفکیٹ کا اجراء کر رہے ہیں جس کی کم از کم قیمت 1000 ڈالر ہوگی جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ مالیت غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ڈالر بیس سیونگ سرٹیفکیٹ کا اجراء صرف جی سی سی ممالک سے کریں گے لیکن اس کے بعد اس کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈالر بیس سیونگ سرٹیفکیٹ 3 سے 5 سال کی مدت کے لئے ہوں گے لیکن درمیان میں اگر کوئی اس اسکیم سے نکلنا چاہے گا تو اسے چھوٹا سا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر بیس سیونگ سرٹیفکیٹ کے اجراء کے لئے 2016ء سے کام کر رہے تھے، اس پر ہم نے 2 سال کام کیا ہے اور پھر مارکیٹ میں آئے، اس سرٹیفکیٹ کا ایمنسٹی اسکیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا اور ملک میں ڈالر کے صورت زر مبادلہ آئے گا۔