Live Updates

سینیٹ الیکشن میں ووٹ کے خریدار کا عمران خان کو علم تھا ، اپنا ووٹ کس کو دیا سردار حسین بابک

جمعرات 19 اپریل 2018 20:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے بکاؤ مال ممبران کے خلاف کاروائی کر کے پاکستانی تاریخ کا کریڈٹ لینے کی کوشش نہ کریں ، اے این پی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے 1991میں ہارس ٹریڈنگ کے الزام میں اپنے دو ممبران کے خلاف تاریخ میں پہلی بار کاروائی کی تھی، اپنے ایک بیان میں اے این پی پر عمران خان کی جانب سے پیسے لینے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اے این پی پر الزام لگانے سے پہلے دس مرتبہ سوچیں ، انہوں نے کہا کہ دوسروں پر کیچڑ اچھالنے سے پہلے کپتان یاد رکھیں کہ وہ دو سے تین سال تک انہی کرپٹ لوگوں کے بل بوتے پر حکومت چلاتے رہے اور اب جب حکومت کی رخصتی کا وقت آیا تو قوم کو دھوکہ دینے کی خاطر کاروائی کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ووٹ کے خریدار کا پہلے سے علم تھا اور سینیٹ الیکشن میں انہوں نے خود کس کو ووٹ دیا اس کی بھی وضاحت ہونی چاہئے ، انہوں نے کہا کہ در حقیقت پی ٹی آئی کے پاس حکومت چلانے کا کوئی اخلاقی یا آئینی جواز ہی باقی نہیں رہا بجٹ پیش کرنے سے انکار بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، سردار حسین بابک نے واضح کیا کہ اے این پی نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہمیشہ اصولوں کی بنیاد پر سیاست کی ہے جس کی دوسری سیاسی جماعتیں بھی معترف ہیں ، انہوں نے کہا کہ دولت کی چمک سینیٹ الیکشن میں اے این پی ممبران کو خیرہ نہیں کر سکی،انہوں نے کہا کہ حکومت کے آخری ایام میں اپنے اسمبلی ممبران کے خلاف کاروائی سے قوم کو دھوکہ نہیں دیا جا سکتا، دنیا جانتی ہے کہ انہی ممبران اور وزراء کو عمران خان تین سال قبل کرپٹ کہہ چکے ہیں لیکن حکومت قائم رکھنے کی خاطر ان ممبران کو سہارے کے طور پر استعمال کیا گیا، سردار بابک نے کہا کہ الیکشن سے قبل قوم کو ورغلانے اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ڈرامہ رچایا جا رہا ہے تاہم عوام با شعور ہو چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ نیب کا ہاتھ پڑنے والا ہے اور احتساب کمیشن میں جس طرح بے قاعدگیاں کی گئیں اس سے جلد پردہ ہٹ جائے گا، انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کیلئے بنایا گیا احتساب کمیشن کو حکومت نے خود داغدار کر دیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات