پا کستان کے نوجوان ملک کا سرمایہ اور مستقبل ہیں، ہمارے گرائونڈ آباد ہوں، کھلاڑی مقابلے کے لئے میدان میں موجود ہوں، عنایت اللہ خان

جمعرات 19 اپریل 2018 20:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ پا کستان کے نوجوان ملک کا سرمایہ اور مستقبل ہیں۔ ہمارے گرائونڈ آباد ہوں، کھلاڑی مقابلے کے لئے میدان میں موجود ہوں، اسی سے ہی نئی نسل کا مستقبل بھی محفوظ ہوتا ہے اور نوجوان خرابیوں سے بچ کر ایک صحت مند مقابلے کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔

جس قوم کے کھیل کے میدان آبادہوتے ہیں ان کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں ۔کھیل کے میدانوں کو آباد کر کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں دیںگے ۔ صحافیوں نے میڈیا سپر لیگ شروع کر کے اچھا قدم اٹھایا ہے ۔ صوبائی حکومت بھرپور تعاون کرے گی ۔وہ میڈیا سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ پشاورکے میچ میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر وزیر عنایت اللہ خان سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کاتعار ف کرایا گیا ۔

سینئر وزیر عنایت اللہ خان بیٹ لے کراور شاٹ کھیل کر میچ کا آغاز کیا ۔سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بہت اچھا اور بہت ہی خوبصورت ملک ہے، پاکستان کو اللہ نے ہر طرح کے وسائل دیئے ہیں، نوجوان بے پناہ صلاحیتیں رکھتے ہیں ، پوری قوم اور نوجوان پاکستان کی ہر دشمن قوت کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ اقتدار اوراختیار جن کے پاس ہوتا ہے قومی وسائل پر جنہوں نے عوام کو سہولت دینی ہوتی ہے وہ ان تمام چیزوں سے عاری ہیںاور مجرمانہ غفلت کا شکار ہیں۔

انہوںنے کہاکہ جو ٹیمیںمیڈیا سپر لیگ میں حصہ لے رہی ہیں میں ان کا بھی خیر مقدم کرتا ہوں اور جو کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں میں ان کے لئے دعاگو ہوں کہ وہ اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر آگے بڑھیں۔ ہم کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔