خضداراتحاد کا این ٹی ایس والوں کا کیس عدالت میں لڑنے کا اعلان

جمعرات 19 اپریل 2018 20:55

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) خضداراتحاد نے این ٹی ایس والوں کا کیس عدالت میں لڑنے کا اعلان کردیا ، ہم این ٹی ایس امیدواروں کے ساتھ ہیں اور انہیں انصاف لیکر رہیں گے ، 8ہزار ٹیچنگ کی خالی آسامیاں ہیں جن پر این ٹی ایس کے امیدواروں کو تعینات کیا جائے ، این ٹی ایس امیدواروں کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے وہ اوور ایج ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں ، خضدار اتحاد نے این ٹی ایس امیدواروں کے لئے لانگ مارچ کی بھی دھمکی دیدی ۔

خضدار اتحاد کے چیئرمین میر اوورنگ زیب زہری ،وائس چیئرمین نذیر احمد نتھوانی محترمہ فوزیہ ایڈوکیٹ ،شاہد ملازئی ،خالد نتھوانی ،امان اللہ زہری ،بشیر احمد مینگل ،نور احمد ساسولی ،سکندر تاجک اور دیگر نے خضدار پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ٹی ایس پاس امید وار گزشتہ تین سال سے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ، وہ اب اووریج ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں لیکن ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی اس لیئے مجبورا ان کا حق دلانے کے لیئے اب ہم خضدار اتحاد کے پلیٹ فارم سے رضاکارانہ طور پر اپنے وکلا کی توسط سے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائینگے اور ان کا کیس خضدار اتحاد لڑے گا۔

(جاری ہے)

ہم نے انہیں انصاف دلا نے کا تہیہ کر رکھا ہے جب تک انہیں انصاف نہیں دلائیں گے اس وقت ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے میر اوورنگ زیب زہری نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ اور پسماندگی کے خاتمے کے لیئے بلند و بانگ دعوی کر رہی ہے لیکن عملا کچھ نہیں ہو رہا محکمہ تعلیم میں آٹھ ہزار پوسٹیں خالی ہیں صوبہ بلوچستان میں تعلیمی اداروں کی پسماندگی کی ایک بڑی وجہ اساتذہ کی کمی ہے حکومت اخباری بیانات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے انہیں عوامی مسائل سے سرو کار نہیں اگر ہوتی تو یہ این ٹی ایس پاس امیدوار اسطرح دربدر کی ٹھوکریں نہیں کھاتے انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان ملک و قوم کے سرمایہ ہیں انہوں نے انتھک محنت اور غربت کے باوجود تعلیمی ڈگریاں حاصل کیں اب انکی عمریں بھی عمر کی بالا ئی حد کو پہنچ گئی ہیں اگر انہیں اسطرح ٹھوکریںکھانے پر مجبور کیا گیا تو انکی محرومیوں میں اضافہ ہوگا انہو ں نے کہا کہ خضدار اتحاد نے فیصلہ کیا ہے کہ ان این ٹی ایس پاس امید واروں کو ملازمتیں دلانے کے لیئے معزز عدالت عالیہ کے ہاں سی پی داخل کرینگے ہمیں امید ہے کہ عدالت سے انہیں انصاف ملے گا ۔