میاں شہباز شریف نے پنجاب کے بعد سندھ کوترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم کرلیا ہے، مسلم لیگ(ن) کراچی دویژن

آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر سمیت سندھ سے بھرپورکامیابی حاصل کرکے کھنڈر بنے صوبہ سندھ کی تقدیر بدل دیںگے ،حاجی شاہجہان، نورخان اخوندزادہ، عبدالرحیم اعوان، مہنازاختر

جمعرات 19 اپریل 2018 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدر حاجی شاہجہان،جوائنٹ سیکرٹری نورخان اخوندزادہ،لیبرونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان اور شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر مہنازاختر نے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف نے پنجاب کے بعد سندھ کوترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم کرلیا ہے ۔

آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر سمیت سندھ سے بھرپورکامیابی حاصل کرکے کھنڈر بنے صوبہ سندھ کی تقدیر بدل دیںگے ۔22اپریل کوشہباز شریف کا کراچی میں جلسہ عام سے خطاب شہر قائد کی سیاست کا رخ موڑ دے گا ۔کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنانے والے سندھ کے حکمرانوں کا یوم حساب قریب آگیا ہے ۔جمعرات کو جاری بیان میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں انقلابی اقدامات کے بعد مسلم لیگ (ن) نے صوبہ سندھ خصوصاً کراچی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

صدر پاکستان مسلم لیگ شہباز شریف 22اپریل کو کراچی میں تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔میاں شہباز شریف کو پورے ملک میں تبدیلی کا استعارہ سمجھا جاتا ہے اور اب ان کے انقلابی وژن کے مطابق کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف پنجاب کی طرح کراچی کے عوام کے لیے بھی نجات دہندہ ثابت ہوںگے ۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت شہباز شریف کے سندھ میں متحرک ہونے سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور نازیبا بیانات جاری کرکے اپنی خفت مٹانے کی کوشش کررہی ہے ۔

10سال سے سندھ میں حکمرانی کرنے والوں نے صوبے کو کھنڈر میں تبدیل کردیا ہے اور ان کو خوف ہے کہ محمد نواز شریف اور شہباز شریف کا ترقی کا ایجنڈا پورے ملک کی طرح سندھ سے بھی ان کی سیاست کا صفایا کردے گا ۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کے دورے کے بعد کراچی اور سندھ کی سیاست کا دھارا تبدیل ہوجائے گا اور آئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے مسلم لیگ (ن) سندھ کے مظلوم عوام کے دکھوں کا مداوا کرے گی ۔