انتخابات سے قبل بھرتیوں پر پابندی کا معاملہ، لاہورہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی درخواست کی سماعت کے لئے فل بنچ تشکیل دے دیا

جمعرات 19 اپریل 2018 23:19

لاہور۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) انتخابات سے قبل بھرتیوں پر پابندی کا معاملہ پر لاہورہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی درخواست کی سماعت کے لئے فل بنچ تشکیل دے دیا،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ تئیس اپریل سے کیس کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد یاور علی نے انتخابات سے قبل بھرتیوں پر پابندی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے لئے تین رکنی فل بنچ تشکیل دے دیا،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ تئیس اپریل سے کیس کی سماعت کرے گا،فل بنچ میں جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس عائشہ اے ملک شامل ہیں،پنجاب حکومت نے ترقیاتی کاموں اور سرکاری محکموں میں بھرتی پر پابندی کے اقدام کو چیلنج کررکھا ہے،درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت عوامی خدمت اور انتظامی امور کی انجام دہی سے حکومت کو نہیں روکا جاسکتا، انتخابات سے قبل سرکاری ملازمتوں پر پابندی سے حکومتی اداروں میں انتظامی امور متاثر ہو رہے ہیں، عملے کی کمی کے باعث مختلف اداروں میں حکومتی اور سرکاری امور بروقت سرانجام نہیں دئیے جا رہے جس سے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے۔