’’ آپ نے دانش سکولز بنا کر ہمیں بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا اور ہماری زندگیاں بدل دی ہیں ‘‘

ہماری کامیابیوں کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے ، طلباء و طالبات کی دانش سکولز کے قیام پرشہبازشریف کے ویژن کی تعریف

جمعرات 19 اپریل 2018 23:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) دانش سکولز سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد اعلی یونیورسٹیوں اورکالجوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات نے بھی ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کیا اوردانش سکولز کے قیام پروزیراعلیٰ شہبازشریف کے ویژن کی تعریف کی -دانش سکولز سے فارغ التحصیل ہوکراعلی تعلیمی اداروں میںتعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات نے کم وسیلہ طلباء و طالبات کیلئے دانش سکولز جیسے شاندار تعلیمی ادارے بنانے پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج ہم جس مقام پر ہیں اس کا کریڈٹ صرف اور صرف شہباز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے دانش سکولز بنا کر ہمارے لئے اعلی تعلیم کے دروازے کھولے اور آج ہم لمز ، فاسٹ ، انجینئرنگ یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور دیگر اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں - دانش سکولز کے طلباء و طالبات ثناء بتول، اقراء ارشد ، سلمی راشد ، مریم پرویز ، شازیہ بی بی ، عظمی مجید ، راشد غفور ، حسن محمود ، راشد نذیر ، محمد شاہد ، عمر شہزاد،تنویر حسین ، عمر بٹ ، نذیر احمد ، نعیم منشاء ، طاہرہ ارشد ، رومہ اکرم، اقصی محمد علی ، شازمہ اسلام ، اقراء بوٹا ، سدرہ سرور، انیل داس اور محمد زاہد نے انتہائی روانی کے ساتھ انگریزی زبان میں اپنا تعارف کرایا اور کہا کہ آپ نے دانش سکولز بنا کر ہمارے لئے بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے اور آج ہم آپ کی بدولت اعلی تعلیم بہترین اداروں سے حاصل کر رہے ہیں- آپ نے ہماری زندگیاں بدل دی ہیں - انہوںنے کہا کہ ہماری کامیابیوں کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے - جہاں ہمارے اساتذہ اور والدین کا کردار ہے وہاں پر آپ بھی ہماری کامیابیوں کے اصل حقدار ہیں اور آپ کی وجہ سے ہی ہم بہترین اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جس پر ہم آپ کے بے حد شکر گزار ہیں - دانش سکولز کے طلباء و طالبات کی جانب سے وزیر اعلی شہباز شریف کو ان کا پورٹریٹ بھی پیش کیا گیا۔