نیو اسلام آباد ائرپورٹ سے سیکرٹریٹ تک اور میٹرو اسٹیشن کو منسلک کرنے کے لئے نئی لگژری بس سروس کا آغاز

جمعرات 19 اپریل 2018 23:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) سیکرٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نیو اسلام آباد ائرپورٹ سے سیکرٹریٹ تک اور میٹرو اسٹیشن کو منسلک کرنے کے لئے نئی لگژری بس سروس کا آغاز کر دیا، عام شہریوں کے ساتھ ساتھ ائرپورٹ کے ملازمین بھی اس سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ ابتداء میں 20ائرکنڈیشنڈ بسیں اسلام آباد کے مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی جو میٹروبس سٹیشنز سے منسلک کریں گی جس کے لئے 9روٹس تجویز کئے گئے ہیں جن میں سیکرٹریٹ سے بلیوایریا، بلیو ایریا سے کشمیر ہائی وے اور موٹروے چوک سے نئے اسلام آباد ائرپورٹ تک روٹ کا آغاز کر دیا گیا جس پر آزمائشی طور پر کامیاب تجریہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح روات سے سیکرٹریٹ روٹ بھی اس نئے منصوبے میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ سعد بن اسد نے بتایا کہ ان ٹرانسپورٹ روٹس کے ذریعے شہر کو نئے اسلام آباد ائرپورٹ کو ملایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر دو مجوزہ روٹس ڈی12اور ای 12ڈی17کے لئے بھی شامل ہیں۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی خالد یامین ستی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ 48کلومیٹر روات سے کچہری چوک سے صدر، پشاور روڈ، چوہڑ چوک، پیرودھائی موڑ، گولڑہ موڑ، چونگی نمبر 26اور موٹروے چوک کا بھی ایک روٹ اس منصوبے کا حصہ ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے اس حوالے سے انتظامات کے لئے کہا تھا۔ سیکرٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے لگژری ائرکنڈیشنڈ بسوں کا آزمائشی تجربہ کر لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد کے مطابق 5روپے فی کلومیٹر کے حساب سے کرایہ چارج کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :