سپریم کورٹ نے نجی بنک میں ساڑھے پانچ کروڑروپے کے خورد برد میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کر دی

جمعرات 19 اپریل 2018 23:33

سپریم کورٹ نے نجی بنک میں ساڑھے پانچ کروڑروپے کے خورد برد میں ملوث ملزم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے نجی بنک میں ساڑھے پانچ کروڑروپے کے خورد برد میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کر دی۔ جمعرات کو ملزم ساجد حسین کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ساجد حسین بنک کی کیش والی گاڑی کا ڈرائیور تھا، ملزم نے ساتھی کو بنک کے اندر بھیجا اور گاڑی لیکر فرار ہوگیا، گاڑی میں ساڑھے پانچ کروڑ روپے کیش موجود تھا، چھ سال تک ملزم نام بدل کر عارف والا میں رہائش پذیر رہا، ملزم کیخلاف تھانہ ریل بازار فیصل آباد میں مقدمہ درج ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ عدالت درخواست ضمانت خارج کرے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزم اپنا موقف ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔ بعدازاں عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے متعلقہ پولیس کو ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیا۔