واسا حیدرآباد کی جانب سے غیر قانونی آر او پلانٹس اور تجارتی نادہندگان کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا

جمعرات 19 اپریل 2018 23:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) واسا حیدرآباد نے غیر قانونی آر او پلانٹس اور تجارتی نادہندگان کے خلاف آپریشن شروع کردیا ،شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے کے دوران متعدد آر او پلانٹس سیل کردیئے گئے، تعلقہ سٹی ،لطیف آباد اور قاسم آباد کے مختلف علاقوں میں آراو پلانٹس کے نام پر منرل واٹر کی فیکٹریاں قائم ہیں جہاں انسانی صحت کے اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مضر صحت پانی تیار کرکے دکانوں اور گھروں میں سپلائی کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ادارہ ترقیات حیدرآباد کے ترجمان نے بتایا ہے کہ واٹر کمیشن کی ہدایت پر کمشنر حیدرآباد کی طرف سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد ،مختیار کار اور منیجر کمرشل واسا پر مشتمل ٹیموں نے حیدرآباد کے 4سرکلز میں غیر قانونی طور پر چلنے والے آراو پلانٹس کے خلاف کاروائی کا آغاز جمعرات سے کردیا ہے، چھاپوںکے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ تعلقہ سٹی ،لطیف آباد اور قاسم آباد کے مختلف علاقوں کے گلی کوچوں میں آراو پلانٹس کے نام پر منرل واٹر کی فیکٹریاں قائم ہیں جہاں غیرمناسب ماحول میں انسانی صحت کے اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مضر صحت پانی تیار کرکے دکانوں اور گھروں میں سپلائی کیا جارہا ہے جس کے استعمال سے لوگوں کو بڑ ے پیمانے پر پیٹ اور جلد کے امراض لاحق ہو رہے ہیں، ترجمان کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار ٹیموں نے اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے متعد دآراو پلانٹس کو فوری طور پرسیل کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا ہے، ترجمان کے مطابق ٹیموں نے فراہمی ونکاسی آب کے نادہندگان باالخصوص تجارتی مقاصد کے لئے پانی استعمال کرنے والے نادہندہ صارفین کے خلاف بھی کاروائی شروع کر دی ہے، واٹر کمیشن کی ہدایت کی روشنی میں مضرصحت پانی کی فروخت کے خلاف آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے آپریشن سرگرمی کے ساتھ جاری رہے گااور عوام کے صحت سے کھیلنے والے عناصرکو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :