سعودی عرب ،جدید ترین سہولیات سے مزین حرمین ایکسپریس ٹرین کا منصوبہ رواں سال آپریشنل ہو جائے گا، ٹرین سے دیگر مسافروں کے علاوہ لاکھوں عازمین حج بھی مستفید ہوں گے،ٹرین سے جدہ اور مدینہ کے ہوائی اڈے اور مقامی میٹرو سٹیشنز بھی منسلک ہوں گے جس سے ملک میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا،اس میں ایگزیکٹو اور اکانومی کلاس کی سہولیات ہوں گی جن میں جدید ترین کچن‘ وائے فائے اور ٹی وی کی سہولیات شامل ہونگی

ترجمان سعودی وزارت ٹرانسپورٹ کی ایم ڈی ’’اے پی پی‘‘ مسعود ملک کی قیادت میں پاکستانی میڈیا کے وفد کو بریفنگ

جمعرات 19 اپریل 2018 23:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) سعودی عرب میں جدہ‘ مکہ‘ مدینہ اور زیر تعمیر شاہ خالد اقتصادی شہر کے مابین جدید ترین سہولیات سے مزین حرمین ایکسپریس ٹرین کا منصوبہ رواں سال آپریشنل ہو جائے گا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک کی قیادت میں پاکستانی میڈیا کے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے سعودی عرب کی وزارت ٹرانسپورٹ کے ترجمان بغدادی نے کہا کہ یہ ٹرین جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہوگی جس سے دیگر مسافروں کے علاوہ لاکھوں عازمین حج بھی مستفید ہوں گے۔

یہ ٹرین مستقبل قریب میں سعودی عرب کے دیگر تمام علاقوں کو بھی آپس میں منسلک کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین سے جدہ اور مدینہ کے ہوائی اڈے اور مقامی میٹرو سٹیشنز بھی منسلک ہوں گے جس سے ملک میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

بغدادی نے کہا کہ نئی ٹرین سروس جدید ترین سیکیورٹی انتظامات سے لیس ہوگی تاکہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔ اس میں ایگزیکٹو اور اکانومی کلاس کی سہولیات ہوں گی جن میں جدید ترین کچن‘ وائے فائے اور ٹی وی کی سہولیات شامل ہونگی۔

مزید براں لاکھوں عازمین حج کو ان کی دہلیز پر بکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ تمام سٹیشنوں کی تعمیر میں بین الاقوامی معیارات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ جدید ترین ڈیجیٹل سکینگ‘ ٹکٹنگ اور انفارمیشن سسٹم مسافروں کی سہولت کے لئے دستیاب ہوں گے۔ پاکستانی میڈیا کے وفد نے اس جدید ترین منصوبے کا دورہ بھی کیا۔ واضح رہے کہ 450 کلو میٹر طویل الیکٹرک ریلوے پراجیکٹ سعودی عرب کے ٹرانسپورٹ کے نظام میں ایک معیاری اضافہ ثابت ہوگا جس سے مکہ و مدینہ اور جدہ کے علاوہ دیگر شہروں میں تیز‘ پرآسائش‘ قابل اعتماد اور محفوظ سفر کی سہولیات میسر آئیں گی۔

اس ٹرین سے مسافر مکہ سے مدینہ‘ جدہ و شاہ عبداللہ اکنامک سٹی کا سفر کر سکیں گے۔ اس کو عالمی معیار کے آپریٹنگ سسٹم کے تحت چلایا جائے گا اور 78 کلو میٹر کی دو رویہ ٹریک لائن کے ذریعے جدہ کے صوبے کو مکہ سے منسلک کیا جائے گا۔ مکہ۔ مدینہ ٹرین کے ذریعے جدہ اور مکہ کے درمیان تقریباً 21 منٹ تک کا سفر رہ جائے گا اور مکہ اور مدینہ کے درمیان اڑھائی گھنٹے سے کم رہ جائے گا۔

مکہ میں اس ٹرین کا سٹیشن حرم شریف سے تقریباً تین کلو میٹر کے فاصلے پر ہے جبکہ مدینہ میں اس کا سٹیشن شاہ عبدالعزیز روڈ پر نالج اکنامک سٹی میں واقع ہے۔ جدہ میں دو سٹیشنز ہیں۔ پہلا شہر کے وسط میں سلمانیہ میں اور دوسرا شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واقع ہے۔ ربیغ سٹیشن شاہ عبداللہ یونیورسٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے قریب واقع ہے۔