نیشنل فورم اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کے تحت عالمی یوم ارض پر واک کا اہتمام

جمعہ 20 اپریل 2018 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) شہر کو صاف اور سر سبز بنانے کیلئے مشترکہ جدو جہد کی جائے۔ یہ بات معروف سماجی شخصیات اور شہریوں نے گزشتہ روز عالمی یوم ارض پر شہید ملت روڈ پر واک سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس واک کا اہتمام نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ (این ایف ای ایچ) اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر کے تحت کیا گیا۔

واک میں مختلف اسکولوں کے طلبہ، شہریوں، این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جاوید میمن مہمان خصوصی تھے اور سینیٹر عبدالحسیب خان ، ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، محمد نعیم قریشی، روٹری کلب کے گورنر اویس کوہاری، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر قیصر سجاد، دادا بھائی یونیورسٹی کی وائس چانسلرڈاکٹر شاھانہ عروج، ڈی آئی جی ایسٹ رسول بخش، ڈائریکٹر آئی جی فاروق علی، صبوحی ذیشان، مخدوم ریاض، سی پی ایل سی کے طارق حسن، واجد حسن، فاروق ڈاڈی، بوہرہ کمیونٹی کے علی اصغر، شازیہ عالم، سونیا اخوند، فرحانہ راشد، واک کی آرگنائزر ڈاکٹر نیئرجبیں، نرگس رحمان، ڈاکٹر عاطف، انجینئر ندیم اشرف، فہد سکندر، سلمیٰ مراد، علی حیدر اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

واک کے شرکاء نے شہیدملت روڈ پر پاکستان کے جھنڈوں ، صفائی اور شجرکاری کے پیغامات اور بینرز کے ساتھ واک کی اور لوگوںکو آلودگی کے خاتمے، صفائی ، شجرکاری اور اچھی صحت کا پیغام پہنچایا۔ یہ واک ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کی برانچ پر ختم ہوئی جہاں مقررین نے شہریوں کے جذبے کو سراہا اور اپنے شہر کی بہتری ، خوبصورتی کیلئے اجتماعی کوشش پر زور دیا۔ واک کے اختتام پر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ ، نعیم قریشی، ڈاکٹر نیئرجبیں نے پودا بھی لگایا ۔ بعد ازاں معروف شخصیات کو شیلڈ ز پیش کی گئیں۔