اسرائیل اس وقت مگرمچھ کے منہ میں ہے۔ ایرانی کمانڈر حسین سلامی

ہمیں آزمایا نہ جائے، ہم نہ صرف شمالی محاذ بلکہ ساتھ ہی کئی دیگر محاذوں کے لیے بھی تیار ہیں،اسرائیل کا ردعمل

ہفتہ 21 اپریل 2018 15:39

تہران/تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہاہے کہ اسرائیل اس وقت مگرمچھ کے منہ میں جی رہا ہے اور جنگ چھڑنے کی صورت میں اسرائیلیوں کے سامنے فرار ہونے کے لیے سمندر کے سوا کوئی جگہ نہیں ہو گی۔عرب ٹی وی کے مطابق سلامی کا کہنا تھا کہ ہم اسرائیلیوں سے کہتے ہیں کہ ہم تم لوگوں کو اچھی طرح جانتے ہیں۔

تم لوگ مقبوضہ فلسطین میں شمال اور مغرب ہر جانب سے گِھرے ہوئے ہو۔ تم لوگوں کے فرار ہونے کی کوئی جگہ نہیں۔ یہ نہ سمجھنا کہ آنے والی جنگ جولائی 2006ء (لبنان میں ہونے والی جنگ کی طرف اشارہ) جیسی ہو گی۔ تم لوگوں کے فرار کے لیے سمندر کے سوا کوئی جگہ نہ ہو گی۔ایرانی کمانڈر کا مزید کہنا تھا کہ میزائل اسرائیل پر داغے جانے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیل کی جانب سے چھیڑی جانے والی کسی بھی جنگ کا نتیجہ اس کے خاتمے کی صورت میں نکلے گا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع اویگڈور لیبرمین نے جوابی بیان میں کہا کہ ہمیں آزمایا نہ جائے۔ ہم نہ صرف شمالی محاذ بلکہ ساتھ ہی کئی دیگر محاذوں کے لیے بھی تیار ہیں۔ اگر کسی فریق نے ہمارے ساتھ جنگ شروع کی تو اس کا خون خود اٴْس کے سًر ہو گا۔ ہمیں دھمکیاں دینے والے ایک بات ذہن نشیں کر لیں کہ اسرائیلی فوج کے ساتھ جنگ کرنا کسی طور بھی ان کے مفاد میں نہ ہو گا۔لیبرمین نے اپنی ٹوئیٹ میں واضح کیا کہ اسرائیلی فوج تمام تر منظر ناموں کے لیے اپنی تیاری جاری رکھے گی۔ انہوں نے ایران اور لبنانی ملیشیا حزب اللہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شمالی سرحد پر موجود عناصر اچھی طرح سوچ لیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔