جماعت اسلامی ذات ، برادری اور مذہب کی تفریق سے بالا تر ہو کر عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے‘ذکر اللہ مجاہد

حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے غریبوں کی جوان بیٹیاں غربت اور افلاس کی وجہ سے گھروں میں بیٹھی بوڑھی ہو رہی ہیں

ہفتہ 21 اپریل 2018 19:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ذات برادری اور مذہب کی تفریق سے بالا تر ہو کر عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ، سیاسی اتار چڑھائو سے بالاتر ہو کر پچھلے ستر سال سے لوگوں کی خدمت کے کام کو جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام مستحق خواتین میں شادی جہیز باکس کی تقسیم کے موقع پر شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر این اے 135اور پی پی 167 کے امیدوار امیر العظیم نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں سیکرٹری جماعت اسلامی علاقہ غربی لاہور علی ارتضیٰ حسنی ، رہنما جماعت اسلامی لاہور نثار احمد عابد ، سیاسی و سماجی رہنما ملک سلمان ایوب ، ملک ایوب و دیگر رہنمائوں سمیت بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جب تک ملک میں دیانتدار قیادت برسر اقتدار نہیں آئے گی لوگوں کو اپنے دکھوں اور بے شمار مسائل سے چھٹکار ا نہیں مل سکتا ۔

ایوانوں میں بیٹھے حکمران لوگوں کی خدمت کی بجائے اپنی تجوریاں بھرنے پر لگے ہوئے ہیں جبکہ غریب اور متوسط طبقات کے لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں ،غریبوں کی جوان بیٹیاں غربت اور افلاس کی وجہ سے گھروں میں بیٹھی بوڑھی ہو رہی ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ کرپشن نے پاکستان کے قومی اداروں کو تباہ و برباد کر دیا ہے ۔ جماعت اسلامی قوم سے اپیل کرتی ہے کہ وہ سراج الحق جیسی ایماندار اور باصلاحیت لیڈر شپ کا ساتھ دے۔

جماعت اسلامی اچھے اور ایماندار لیڈر کے ساتھ ساتھ گلی محلے تک کی خدمت کے جذبوں سے سرشار کرپشن سے پاک قیادت کی حامل جماعت ہے ۔ اس مو قع پر این اے 135پی پی 167 کے امیدوار امیر العظیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی بنا اقتدار کے حکومت کے کام کو سر انجام دے رہی ہے ۔ جماعت اسلامی خدمت خلق کی سیاست پر یقین رکھتی ہے آئندہ انتخابات میں عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے اور کرپٹ اور چور لیٹرے سیاسی پنڈتوں کا ووٹ کی طاقت سے کڑا احتساب کرے ۔ جماعت اسلامی نڈر اور ایماندار لیڈر شپ کے ساتھ ساتھ کرپشن سے پاک ہر شعبہ میں مضبوط اور مکمل ٹیم رکھتی ہے جس سے ملک حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے ۔