حکومت مدت پوری ہونے سے قبل فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کریں،میاں افتخارحسین

ہفتہ 21 اپریل 2018 22:02

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے زور دیا ہے کہ وفاقی حکومت کی معیاد ختم ہونے اور نگران سیٹ اپ سے قبل فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے، فاٹا دہشت گردی سے متاثر ہوا ہے لہٰذا اس کی ترقی کیلئے مالی پیکج کو بھی یقینی بنایا جائے ، فاٹا کے بیشتر علاقوں میں بچھی مائینز سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں لہٰذا مزید جانی نقصان روکنے کیلئے ان مائینز کو صاف کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے اور دہشت گردی و بارودی سرنگوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے ورثا کو شہداء پیکج دینے کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز میںشمولیتی تقریب کے موقع پر پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں افتخار حسین نے کہا کہ فاٹا کا مسئلہ حل طلب ہے، فاٹا کو آئندہ الیکشن سے قبل صوبے میں ضم کر کے صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے اور آئین میں ترمیم کر کے صوبائی کابینہ میں فاٹا کا حصہ مختص کیا جائے ،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام آئی ڈی پیز کی جلد اور باعزت واپسی کا انتظام کیا جائے ، ان کے تباہ شدہ گھر سکول ،ہسپتال سمیت تمام انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے جبکہ آئی ڈی پیزکے نقصانات کا تخمینہ لگا کر انہیں مالی امدادبھی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام صوبائی حکومت کی بد انتظامی سے پہلے ہی نالاں تھے ، دوسروں پر کیچڑ اچھالنے والے سینیٹ الیکشن میں خود ضمیر بیچتے رہے اور حالیہ صورتحال نے سب کو بے نقاب کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے دورہ پشاور کے بعد تبدیلی کا پول کھل گیا ہے ،عوام اے این پی پر بھرپور اعتماد کرنے لگے ہیں اور آئندہ الیکشن میں کامیابی کے بعد تمام عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔