سی پیک کے تحت ملکی معیشت کی مضبوطی کے لئے تمام سیاسی جماعتیں ’’ چارٹر آف اکانومی ‘‘ پر دستخط کریں،

جس طرح ماضی میں پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے محترمہ بے نظیر بھٹو اور محمد نواز شریف نے ’’ چارٹر آف ڈیموکریسی ‘‘ پر دستخط کئے تھے اس طرح موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں میثاق جمہوریت کی طرز پر میثاق معیشت پر متفق ہو جائیں مسلم لیگ (ن ) کے رکن قومی اسمبلی وحید عالم خان کی گفتگو

پیر 23 اپریل 2018 20:55

لاہور۔23 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن ) کے رکن قومی اسمبلی وحید عالم خان نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت ملکی معیشت کی مضبوطی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو چارٹر آف اکانومی پر دستخط کرنے چاہئیں ،ْ اے پی پی نیوز چینل کے پروگرام ڈائیلاگ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح ماضی میں پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے محترمہ بے نظیر بھٹو اور محمد نواز شریف نے ’’ چارٹر آف ڈیموکریسی ‘‘ پر دستخط کئے تھے اس طرح موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں میثاق جمہوریت کی طرز پر میثاق معیشت پر متفق ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح ہم اپنے عوام کی بہتر طور پر خدمت کر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سب سے اہم مسئلہ اقتصادی ترقی کا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ( سی پیک) ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ سی پیک کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر چارٹر آف اکانومی پر دستخط کی راہ ہموار کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جس سے ہماری معیشت کی مضبوطی وابستہ ہے۔ پاک چین مخالف قوتیں اس اہم منصوبہ کو ناکام بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اس لئے دشمنوں نے ہمارے خلاف فورتھ اور ففتھ جنریشن وار کا آغاز کر دیا ہے جس کے ذریعے وہ سائبر فورس کو استعمال کریں گی تا کہ عوام میں غلط فہمیاں پیدا کر کے ان میں تنائو پیدا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں عوام میں انتشار پیدا کرنے کے لئے کئی حربے استعمال کرتی ہیں۔فرقہ وارانہ فسادات ،ْ اقلیتوں میں غلط فہمیاں ،ْ صوبوں اور سیاسی جماعتوں میں دوریاں پیدا کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں تا کہ ملک و قوم میں انتشار پھیلے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ملکی مفادات کا خیال رکھنے کے لئے سیاسی جماعتوں کا کردار اور زیادہ اہم ہو جاتا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے چارٹر آف اکانومی بہترین فورم ثابت ہو سکتا ہے۔

وحید عالم خان نے کہا کہ حکومت نے سی پیک کی اہمیت کے پیش نظر ہزاروں پاکستانیوں کو چینی زبان سیکھنے کے لئے چین بھیجا ہے تا کہ پاکستان میں جاری منصوبوں کے مکمل ہونے پر یہاں کے نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی خوشحالی کا منصوبہ ہے اس کے تحت یہاں انڈسٹریل زونزبنیں گے جہاں روزگار کے ساتھ ساتھ کروڑوں روپے کمانے کے مواقع میسر آئیں گے۔ایک سوالکے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے کاشتکاروں کو اپنی زرعی اجناس پر اتنی آمدن نہیں ہوتی تھی لیکن نئی سڑکیں بننے سے ان کی آمدنی میں خاطرہ خواہ اضافہ ہوا ہے۔