آئندہ انتخابات میں الزامات اور انتشار کی سیاست کرنے والوں کو عبرتناک شکست ہو گی، چوہدری محمد عمرجعفر

پیر 23 اپریل 2018 23:24

رحیم یار خان۔23 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری محمد عمرجعفر نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی مشن ہے، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور کسی کو بھی عوامی بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد اقبال پبلک سیکرٹریٹ میں حلقہ کے مختلف عوامی وفود، کونسلرز اور لیگی کارکنوں سے ملاقات کے دو ران چوہدری محمد عمر جعفر نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں الزامات اور انتشار کی سیاست کرنے والوں کو عبرتناک شکست ہو گی۔

الیکشن2018ء میں پہلے کی طرح عوام کی بھر پور طاقت و حمایت سے اقتدار میں آکر مخالفین کی سازشیں ناکام بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جعفر آباد کا حلقہ کے عوام کے ساتھ وفا اور خلوص کا رشتہ ہے، اپنے دور میں حلقہ کی تعمیر وترقی کے لئے دن رات کام کیا ہے اور عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیااور آئندہ الیکشن میں بھی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کریں گے۔