سندھ ہائیکورٹ میں صوبہ سندھ کو 7 آزاد ریاستوں میں تقسیم کرنے سے متعلق درخواست دائر کر دی گئی

موجودہ نظام کے تحت صوبے کی حالت بدلی نہیں جا سکتی ۔ لہذا صوبے کو 7 آزاد ریاستوں میں تقسیم کیا جائے ،درخواست گزار

منگل 24 اپریل 2018 15:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) سندھ ہائیکورٹ میں صوبہ سندھ کو 7 آزاد ریاستوں میں تقسیم کرنے سے متعلق درخواست دائر کر دی گئی ۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ سیکرٹری دفاع اور چیف سیکرٹریٹ کو فریق بنایا گیا ۔ سندھ ہائیکورٹ میں عظمت ولی نامی شہری نے صوبہ سندھ کو 7 آزاد ریاستوں میں تقسیم کرنے سے متعلق درخواست دائر کرائی ۔

(جاری ہے)

د رخواست گزار نے درخواست میں سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری دفاع اور چیف سیکرٹری کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریوں میں ناکام ہو چکی ہیں ۔ موجودہ نظام کے تحت صوبے کی حالت بدلی نہیں جا سکتی ۔ لہذا صوبے کو 7 آزاد ریاستوں میں تقسیم کیا جائے ۔ درخواست میں مزیدکہا گیا کہ حیدر آباد ، میرپورخاص اور نواب شاہ ، سکھر لاڑکانہ ، جیکب آباد کو آزاد ریاست بنا کر کراچی کو اس کا ہیڈ کوارٹر بنایا جائے ۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ یورپ اوراسلامی ممالک میں کوئی صوبہ 50 لاکھ سے زائد آبادی کا نہیں ۔ آزاد ریاستوں میں تقسیم کرنے سے پاکستان کی حالت بھی بدل سکتی ہے ۔ آزاد ریاستیں بنا کر اس کا کنٹرول کمشنر کو دیا جائے ۔